9 ستمبر کو پاک فوج نے بھارت کو 3محاذوں پرناقابل فراموش شکست دی

اسلام آباد:1965جنگ کے 9 ویں روز پاک فوج نے بھارت کو 3محاذوں پر ناقابلِ فراموش شکست سے دوچار کیا۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق پاکستانی فوج نے نارووال کے قریب جسر پل کا دفاع کرتے ہوئے بھارتی فوجوں کو شدید نقصان پہنچایا جس میں لیفٹیننٹ کلیم محمود نے بہادری سے لڑتے ہوئے جام شہادت نوش کیا ، بھارتی انجینئرز کی ٹیم کو پاک فوج نے سونا مرگ کے مغربی مقام پر حملہ کر کے بھاری نقصان پہنچایا۔پاکستانی فوج نے بھارت کی پٹھان کوٹ اور جودھ پور ایئر بیسوں کو مکمل طورپر تباہ کر دیا۔پاکستان شاہینوں کے ہاتھوں 28 بھارتی جہاز ہوا میں، 2 اینٹی ائیر کرافٹ گن سے، 36زمین پر کھڑے اور اس کے علاوہ 15 جہاز کلائی کونڈا ائیر بیس پر تباہ کر دیئے گئے۔ تمام محاذوں پر شکست کے بعد بھارتی فوج پسپائی اختیار رکر رہی تھی۔اس روز پاک فوج کے جوانوں نے ہمت اور دلیری کی نئی داستانیں رقم کیں۔ 1965 کی جنگ کے دوران پاکستان کے جری جانبازوں کی قربانیوں کا سلسلہ بھی جاری رہا۔جنگ کے 9ویں روز پاکستان آرمی کے لیفٹیننٹ کرنل صاحبزاد گل اور میجر محمد اشرف خان نے دشمن کیخلاف جوانمردی سے لڑتے ہوئے جام شہادت نوش کیا۔ میجر محمد اشرف خان کا تعلق سپورٹ بٹالین سے تھا اور ان کی ذمہ داریوں میں سیالکوٹ کا دفاع شامل تھا۔8ستمبر کو اس بٹالین نے دشمن کو بھاری نقصان پہنچایاتھا۔9 ستمبر کو دشمن بھارت نے سیالکوٹ کینٹ کی جانب پیش قدمی شروع کی، جس کی اطلاع ملنے پر میجر محمد اشرف خان نے دشمن کی پیش قدمی کو روکتے ہوئے ان کے دو ٹینک تباہ کر دیئے۔میجر محمد اشرف اپنی جیپ پر میدان جنگ کا جائزہ لے رہے تھے کہ دشمن کا فائر لگنے سے جام شہادت نوش کر گئے۔لیفٹیننٹ کرنل صاحبزاد گل آرمر رجمنٹ کی قیادت کر رہے تھے، انہوں نے قصور کی جانب پیش قدمی کرتے ہوئے دشمن بھارت کو بہادری کے ساتھ بارڈر کی جانب دھکیل دیا اور 8 ستمبر کو کھیم کرن سیکٹر پر قبضہ کر لیا۔9ستمبر کو لیفٹیننٹ کرنل صاحبزادہ وال تھوا ریلوے سٹیشن پر قبضہ کرنے کی کوشش کا آغاز کیا اور دشمن کی سخت مزاحمت کے باوجود اس میں کامیاب رہے۔ وال تھوا ریلوے سٹیشن پر قبضہ کرنے کے بعد دشمن نے اس کا کنٹرول حاصل کرنے کیلئے بھرپور حملہ کیا جس کے دفاع کے دوران لیفٹیننٹ کرنل صاحبزاد گل شہید ہو گئے۔لیفٹیننٹ کرنل صاحبزاد گل کو بہادری کے اعتراف میں بعد از شہادت ستارہ جرات سے نوازا گیا۔





