جنیوا : مقبوضہ کشمیرمیں جاری انسانی حقوق کی پامالیوں کے خلاف احتجاجی مظاہرہ

جنیوا:جنیوا میں بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں وکشمیرمیں قابض فوجیوں کی طرف سے جاری انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیاگیا۔
کشمیر میڈیاسروس کے مطابق احتجاجی مظاہرے کا اہتمام اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل کے 60ویں اجلاس کے موقع پر کنٹرول لائن کے دونوں اطراف سے تعلق رکھنے والے کشمیری وفد نے کیاتھا۔مظاہرین نے بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر بھارت مخالف اور آزادی کے حق میں نعرے درج تھے اور مقبوضہ کشمیرمیں نہتے کشمیریوں پر جاری بھارتی مظالم کو اجاگر کیاگیاتھا۔مظاہرے کے مقررین نے عالمی برادری اور اقوام متحدہ پر زور دیا گیا کہ وہ مقبوضہ کشمیرمیں جاری بھارتی مظالم کو روکنے اور کشمیری عوام کی خواہشات اور اقوا م متحدہ کی قراردادوں کے مطابق تنازعہ کشمیر کے حل میں اپنا کردار ادا کرے ۔انہوں نے انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں سے اپیل کی کہ وہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں ریاستی دہشت گردی کو رکوانے اور کشمیریوں کو انکا حق خودارادیت دینے کیلئے بھارت پر دبائوبڑھائیں ۔





