عالمی برادری سے مقبوضہ جموں و کشمیر میں قتل عام کے تمام واقعات کی غیر جانبدارانہ تحقیقات کا مطالبہ
اسلام آباد : کل جماعتی حریت کانفرنس کی آزاد جموں و کشمیرشاخ نے بجبہاڑہ قتل عام کے شہداء کو شاندار خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہدا ء کا مقدس لہو رائیگاں نہیں جائے گا اور ان کی قربانیاں تحریکِ آزادی کشمیر کے تابناک مستقبل کی ضمانت ہیں۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق کل جماعتی حریت کانفرنس کے سیکریٹری اطلاعات مشتاق احمد بٹ نے اسلام آباد سے جاری ایک میں کہا کہ زندہ اور باشعور قومیں اپنے شہدا ء کو کبھی فراموش نہیں کرتیں۔انہوں نے کہا بجبہاڑہ کا قتل عام بھارتی ریاستی دہشت گردی کی بدترین مثالوں میں سے ایک ہے۔انہوں نے افسوس کا اظہار کیاکہ اس لرزہ خیز قتل عام میں ملوث کسی ایک بھارتی فوجی کو بھی آج تک سزا نہیں دی گئی بلکہ قاتلوں کو قانونی تحفظ اور حکومتی سرپرستی حاصل ہے۔ بیان میں کہاگیاشہداء کے لواحقین آج بھی انصاف کے منتظر ہیں جو عالمی برادری کے لیے لمحہ فکریہ ہے۔ بھارت کویہ گمان تھاکہ وہ ظلم وجبر اور قتل و غارت سے کشمیریوں کی آزادی کی آواز کو دبا سکتا ہے لیکن کشمیری قوم نے اپنی لازوال قربانیوں، صبر اور استقامت سے بھارت کے تمام مکروہ منصوبے ناکام بنا دیے۔بیان میں کہاگیا کہ کشمیری عوام کا حوصلہ، قربانیاںاور عزم اس بات کا ثبوت ہے کہ کوئی طاقت انہیں اپنی زمین، شناخت اور آزادی سے دستبردار نہیں کر سکتی۔کل جماعتی حریت کانفرنس اس عزم کا اعادہ کرتی ہے کہ حقِ خودارادیت کی منصفانہ جدوجہد کو ہر حال میں جاری رکھا جائے گا اور لاکھوں کشمیری سرفروشوں کے مقدس لہو سے سینچی گئی اس تحریک کو منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا۔بیان میں عالمی برادری، انسانی حقوق کی تنظیموں اور اقوامِ متحدہ سے مطالبہ کیا گیاکہ وہ بجبہاڑہ سمیت مقبوضہ جموں و کشمیر میں قتلِ عام کے تمام واقعات، ماورائے عدالت قتل اور انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کی غیر جانبدارانہ تحقیقات کروائیں اور بھارت کو اس کے جنگی جرائم پر بین الاقوامی سطح پر جواب دہ ٹھہرائیں۔






