دلی دھماکے نے مودی حکومت کی ناکامیوں کو پوری طرح سے بے نقاب کر دیا، کانگریس

جموں:بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر میں کانگریس نے کہا ہے کہ نئی دلی میں ہونے والا حالیہ دھماکہ قابل مذمت ہے لیکن دھماکے میں کسی خاص برادری کو ملوث کرنا انتہائی افسوسناک ہے۔
کشمیر میڈیاسروس کے مطابق کانگریس مقبوضہ جموں وکشمیر شاخ کے صدر طارق حمید کرہ نے جموںمیں ایک تقریب سے خطاب کے دوران سیکورٹی کی کوتاہیوں او ر خامیوں کا ذمہ دار بی جے پی کی بھارتی حکومت کو ٹھہراتے ہوئے کہا کہ اس دھماکے نے مودی حکومت کی ناکامیوں کو پوری طرح سے بے نقاب کر دیاہے۔ انہوںنے کہا کہ مودی حکومت کہہ رہی ہے کہ 370اور35اے کے خاتمے کے بعد دہشت گردی کا صفایا کر دیا گیا ہے ، یہ دھماکہ تو دلی میں آپ کی ناک کے بالکل نیچے ہوا ہے ، اگر دہشت گردی ختم ہوئی ہے ، تو ذمہ دار کون ہے۔
کرہ نے دھماکے میں کشمیری ڈاکٹروں کو ملوث کرنے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ واقعے کو کسی خاص برادری سے جوڑنا خطرناک ہے۔






