مودی کی ہندوتوا حکومت کشمیریوں کی نسل کشی جاری رکھے ہوئے ہے ، حریت کانفرنس

سرینگر:کل جماعتی حریت کانفرنس نے غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں بڑھتی ہوئی ریاستی دہشت گردی اوربھارت بھر میں کشمیریوںپر ڈھائے جانے والے وحشیانہ مظالم پرسخت تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت گزشتہ78برس سے جاری وحشیانہ مظالم کے ذریعے کشمیریوں کے جذبہ حریت کو دبانے میں بری طرح ناکام رہاہے ۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق حریت ترجمان ایڈوکیٹ عبدالرشید منہاس نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا کہ بی جے پی کی زیر قیادت بھارتی حکومت اور اس کے تحقیقاتی ادارے کشمیریوں کومزیدمحکوم نہیں رکھ سکتے ۔ انہوں نے کہا کہ نئی دلی میں لال قلعہ دھماکے کے بعد اتر پردیش، ہریانہ، راجستھان اور دلی سمیت بھارتی ریاستوں میں کشمیری طلبا، پروفیشنلز اور کاروباری افراد کو ہراساں اور بے دخل کرنے سمیت انتقامی کارروائیوں کا نشانہ بنایا جارہاہے ۔ حریت ترجمان نے مقبوضہ علاقے میں جاری محاصرے اور تلاشی کی کارروائیوں، دو ہزار سے زائد کشمیری نوجوانوں کی گرفتاریوں اور گھروں پر چھاپوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے ان کارروائیوں کو کشمیریوں کو خوف و دہشت کا نشانہ بنانے اور معاشی طور پر کمزور کرنے کی بھارت کی منظم مہم کا حصہ قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ محصور اور مظلوم کشمیری عوام کو1947سے مسلسل بھارتی ریاستی دہشت گردی کا سامنا ہے ۔انہوں نے کہاکہ مودی کی ہندوتواحکومت کالے قوانین کے تحت بھارتی فوج کو کھلی چھوٹ دے کر کشمیریوں کی نسل کشی جاری رکھے ہوئے ہے۔ان کالے قوانین کے تحت بھارتی فوج کو کشمیریوں کے قتل عام ، جبری گرفتاریوں اور انسانیت کے خلاف دیگر جرائم کی کھلی چھوٹ حاصل ہے ۔ انہوں نے ڈی جی پی نلین پربھات کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ان کی زیرکمان کشمیریوں پر ظلم و تشدد،بڑے پیمانے پر گرفتاریوں، جائیدادوں پر قبضے اور نوجوانوں کے خلاف کارروائیوں میں تیزی آئی ہے۔پولیس کی طرف سے تذلیل کے بعد خود سوزی کرنے والے کشمیری تاجر بلال احمد وانی کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے عبدالرشید منہاس نے کہا کہ یہ واقعہ بھارت کی ظالمانہ پالیسیوں کی وجہ سے کشمیریوں کی زندگیوں پر پڑنے والے سنگین اثرات کی واضح مثال ہے۔انہوں نے کہاکہ کشمیری شہداء کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی اور جلد ہی جموں وکشمیر میں آزادی کا سورج طلوع ہو گا۔ حریت ترجمان نے اقوام متحدہ پرزوردیاکہ وہ مقبوضہ کشمیرمیں بھارتی ریاستی دہشت گردی کاسلسلہ بند کرانے اور دیرینہ تنازعہ کشمیر کو کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق حل کیلئے اپنا اہم کردار ادا کرے ۔





