اختلاف رائے کو جابرانہ ہتھکنڈوں سے دبانا جمہوری اقدار کی سنگین پامالی ہے، میرواعظ

سری نگر :بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں وکشمیر میںکل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر رہنما میر واعظ عمر فاروق نے بھارت میں کشمیریوں کے ساتھ روا رکھنے جانے والے بہیمانہ سلوک کی شدید مذمت کی ہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق میر واعظ نے آج سری نگر کی تاریخی جامع مسجد میں نماز جمعہ کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کشمیریوں کو صرف اور صرف ان کی شناخت کی وجہ سے نشانہ بنایا جا رہا ہے ۔انہوںنے کہا کہ ہر بھارتی شہر سے کشمیریوں کو ہراساں کرنے کی خبریں آرہی ہیں جو انتہائی افسوسنا ک ہے۔ میر واعظ نے بھارتی حکام پر زور دیا کہ وہ کشمیریوں کی حفاظت اور سلامتی کو یقینی بنائیں۔ انہوں نے جموں میں کشمیر ٹائمز کے دفتر پر بھی چھاپے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اختلاف رائے کو جابرانہ ہتھکنڈوں سے دبانا جمہوری اقدار کی سنگین پامالی ہے۔
میرواعظ نے بجلی کے نرخوں میں 20فیصد سر چارج عائد کرنے کی کشمیر پاور ڈیولپمنٹ کارپوریشن لمیٹڈ کی تجویز پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے اسے لوگوں کے ساتھ ایک سنگین ناانصافی قرار دیا۔ میرواعظ نے کہا کہ لوگ پہلے ہی سخت معاشی بحران کا شکا رہیں، انکا کاروبار تباہی سے دوچار ہے ، اس صورتحال میں بجلی کی قیمتوں میں اضافہ حکومتی بے حسی کے سوا کچھ نہیں ۔
میر واعظ نے کہا کہ حکومت لوگوں کے مسائل میں کمی کرنے کے بجائے ان میں اضافہ کر رہی ہے اور غریبوں کو 200 یونٹ مفت بجلی فراہم کرنے کا وعدہ پورا کرنے کے بجائے ان پر نیا بوجھ ڈال رہی ہے۔ انہوں نے حکام پر زور دیا کہ وہ اس عوام دشمن تجویز کو فوری طور پر واپس لیں۔







