پا کستان کا مقبوضہ جموں و کشمیر کی ابتر صورتحال ، کشمیریوں کی بلاجواز گرفتاریوں پر اظہار تشویش

اسلام آباد:پاکستان نے مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی ابتر صورتحال اور نئی دہلی میں بم دھماکے کے بعد کشمیری عوام کی بلاجواز گرفتاریوں پر سخت تشویش کا اظہار کیا ہے۔
کشمیر میڈیاسروس کے مطابق دفتر خارجہ کے ترجمان طاہر اندرابی نے اپنے ایک بیا ن میں کہاہے کہ پاکستان مقبوضہ جموںو کشمیر میں انسانی حقوق کی مسلسل اور سنگین خلاف ورزیوں پر گہری تشویش رکھتا ہے جن میں بڑے پیمانے پر حراستیں، بلاجواز گرفتاریاں اور بنیادی آزادیوں پر پابندیاں شامل ہیں، یہ سب کشمیری عوام کے خلاف اجتماعی سزا کے مترادف ہیں۔ طاہر اندرابی نے کہا کہ کشمیری نوجوانوں کی شناخت اور مذہب کی بنیاد پر پروفائلنگ کی اطلاعات اس تشویش کو مزید بڑھا دیتی ہیں۔
ترجمان نے کہا کہ بھارت مقبوضہ علاقے میں آبادی کے تناسب کو بدلنے اور کشمیری عوام کی مذہبی، ثقافتی اور سماجی ورثے کو نقصان پہنچانے کی کوششیں جاری رکھے ہوئے ہے۔ ہزاروں کشمیری نوجوان لاپتہ ہیں اور کئی حقیقی سیاسی رہنما بلاجواز حراست میں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ اقدامات کشمیری عوام کے عالمی طور پر تسلیم شدہ حق خود ارادیت کے حصول کے عزم کو کمزور نہیں کر سکتے۔
انہوںنے کہا کہ پاکستان عالمی برادری بشمول اقوام متحدہ، انسانی حقوق کونسل اور اقوام متحدہ کے ہائی کمشنر برائے انسانی حقوق سے مطالبہ کرتا ہے کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین صورتحال کا مکمل ادراک کریں اور بھارت سے فوری اقدامات کرنے، خلاف ورزیوں کے ذمہ داروں کو جوابدہ بنانے اور حقوق کی عالمی تنظیموں کو آزادانہ اور غیرجانبدار جائزے کی اجازت دیں۔
ترجمان نے کہا کہ جنوبی ایشیا میں پائیدار امن اور استحکام کے لیے جموں و کشمیر کے تنازعے کا اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق منصفانہ، پرامن اور دیرپا حل ناگزیر ہے۔



