کشمیری صحافی کو5 مرلہ پلاٹ دینے والے کلدیپ کمارکو 10مرلہ زمین تحفے میں دینے کا اعلان

سرینگر:کشمیری صحافی ارفاز ڈینگ کو5 مرلہ پلاٹ کی پیش کش کرنے والے کلدیپ کمارکو شوپیان کے محمد اقبال شاہ نے10 مرلہ زمین تحفے میں دینے کا اعلان کیاہے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق محمد اقبال شاہ آئندہ ہفتے جموں جا کر زمین کے اصل کاغذات کلدیپ کمارکو خود پیش کریں گے۔ قابض حکام نے حال ہی میںجموں کے علاقے نروال میں صحافی ارفاز احمد کا گھر مسمارکردیاتھاجس کے بعد بے گھر ہونے والے صحافی کی مدد کیلئے کلدیپ کمارنے5 مرلہ اراضی عطیہ دینے کا اعلان کیاتھا۔ اس غیر معمولی اقدام نے نہ صرف کشمیری عوام کے دل جیت لیے بلکہ ضلع شوپیان کے علاقے کاپرن سے تعلق رکھنے والے ایک معروف تاجر محمد اقبال شاہ نے کلدیپ کمار کے اس جذبے کی تعریف کرتے ہوئے انہیں 5 مرلے کے بدلے 10مرلے کی زمین دینے کا اعلان کیا ہے۔ محمد اقبال نے صحافیوںسے گفتگو کرتے ہوئے تصدیق کی کہ وہ آئندہ ہفتے جموں جا کر دس مرلہ زمین کے اصل کاغذات کلدیپ کمار کو پیش کریں گے۔انہوں نے کہا کہ ان کا یہ قدم ہندو مسلم بھائی چارے اور کشمیریت کی مشترکہ تہذیب کو مضبوط بنانے کی ایک کوشش ہے۔ انہوں نے بتایا کہ وہ جو زمین پیش کر رہے ہیں وہ سیب کے پیڑوں والی قیمتی اراضی ہے اور وہ بطور نذرانہ کلدیپ کمار کے نام کر رہے ہیں۔محمد اقبال شاہ نے بتایا کلدیپ کمار ایک غیر مسلم ہوتے ہوئے بھی ایک مسلمان بھائی کی مدد کیلئے آگے بڑھے۔ بطور مسلمان میرا بھی فرض ہے کہ میں بھی ان کے اس جذبے کا مثبت جواب دوں، اس لیے میں یہ دس مرلہ زمین انہیں پیش کرتا ہوں۔انہوں نے کہاکہ یہ واقعہ مذہب کے نام پر نفرت پھیلانے والے تمام عناصر کیلئے موثر جواب ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ اس انسان دوست پہل سے ہندو مسلم بھائی چارہ مزید مضبوط ہوگا اور سماج میں محبت، امن اور یکجہتی کا پیغام عام ہوگا۔




