حریت کانفرنس کی طرف سے بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح ؒ کو خراج عقیدت
کشمیری تکمیل پاکستان کی جدوجہد کر رہے ہیں، ترجمان

سری نگر: بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں وکشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس نے آج بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کو ان کے 149 ویں یوم پیدائش پر شاندار خراج عقیدت پیش کیاہے ۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق حریت کانفرنس کے ترجمان ایڈووکیٹ عبدالرشید منہاس نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا کہ قائداعظم ایک انتہائی دور اندیش رہنما تھے جنہوں نے برصغیر کے مسلمانوں کے لیے علیحدہ وطن کے لیے جدوجہد کی قیادت کی اور بالآخر اسے حاصل کرنے میں کامیاب ہوئے۔انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام تحریک پاکستان کا حصہ رہے جنہوں نے قیام پاکستان سے تقریباً ایک ماہ پہلے19جولائی 1947کو مملکت خداد داد کیساتھ الحاق کی قرارداد پاس کی۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام پاکستان سے بے پناہ محبت کرتے ہیں ، انہوںنے بھارتی قبضے کو مسترد کیا ہے اور وہ گزشتہ 78سے تکمیل پاکستان کی جدوجہد کر رہے ہیں۔
ترجمان نے کہا کہ پاکستان تبھی مکمل ہو گا جب جموں و کشمیر بھارتی قبضے سے آزاد ہو کر اس کا حصہ بنے گا ۔انہوںنے کہا کہ کشمیری عوام کو قائداعظم محمد علی جناح اور پاکستان سے بے پناہ محبت ہے۔ قائداعظم نے کشمیر کو پاکستان کی شہ رگ اور معاشی ریڑھ کی ہڈی قرار دیتے تھے۔ انہوں نے کہا کہ الحاق پاکستان کشمیریوں کا مقدر ہے جس کیلئے وہ بے مثال قربانیاں دے رہے ہیں۔
ترجمان نے کہا کہ قائداعظم نے درست نشاندہی کی تھی کہ مسلمانوں کو برصغیر میں اپنے مستقبل کو محفوظ بنانے کے لیے ایک علیحدہ ریاست کی ضرورت ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بھارت نے اکتوبر 1947میں مسلم اکثریتی جموں وکشمیر میں فوجی یلغار کر کے اس پر قبضہ جمایا جبکہ بی جے پی کی ہندو توا بھارتی حکومت نے اگست 2019 میں ہندوتوا ایجنڈے کے تحت کشمیریوں پر ایک اور سنگین وار کیا اور جموں وکشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کر ڈالی۔ترجما ن نے کہا کہ بھارتی قبضے میں کشمیریوں کی زندگی اجیرن بن چکی ہے ، تاہم انکے حوصلے بلند ہیں اور وہ اپنی جدوجہد کو اسکے منطقی انجام تک پہنچانے کے لیے پر عزم ہیں۔KMS-04/M





