13 دسمبر 2001 کو بھارتی پارلیمنٹ پر جعلی حملہ ، پاکستان کو بدنام کرنے کی سازش تھی

اسلام آباد : 13 دسمبر 2001کو بھارتی پارلیمنٹ پر حملہ بھارت کا ایک فالس فلیگ آپریشن تھا جس کا مقصد پاکستان اور تحریک آزادی کشمیر کو بدنام کرنا تھا۔
کشمیر میڈیا سروس کی طرف سے آج جاری کی گئی ایک رپورٹ میں کہا گیا کہ بھارت کی اپنے مذموم مقاصد کے حصول کیلئے فالس فلیگ آپریشنوں کی ایک طویل تاریخ ہے اور 13دسمبر 2001کا حملہ بھی ایسی ہی ایک کارروائی تھی ۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ پارلیمنٹ پر حملے جیسے ڈراموں کا مقصد پاکستان اور کشمیریوں کی حق پر مبنی جدوجہد آزادی کو بدنام کرنا تھا۔رپورٹ میں واضح کیا گیا ہے کہ سمجھوتہ ایکسپریس دھماکے، پٹھان کوٹ، اوڑی، بھارتی پارلیمنٹ، پلوامہ ، جموں ایئر فورس بیس پر حملہ اور رواں برس کا پہلگام فالس فلیگ آپریشن پاکستان اور کشمیریوں کی تحریک آزادی کو بدنام کرنے کی بھارت کی جھوٹی حکمت عملی کا حصہ تھے۔ رپورٹ میں کہاگیا کہ بھارت نے اپنے پاکستان دشمن اور تحریک آزادی کے خلاف ایجنڈے کو آگے بڑھانے کے لیے ہمیشہ جھوٹ کو ریاستی ہتھیار کے طور پر استعمال کیا ہے۔
رپورٹ میں مزید کہاگیا کہ بھارت مسلسل جھوٹ کا سہارا لیتے ہوئے ٹھوس اور قابل اعتمادشواہد پیش کئے بغیر پاکستان کو اپنی ناکامیوں کا ذمہ دار ٹھہراتا ہے۔بھارت ہمیشہ مظلومیت کارڈ کھیلتا ہے اور اپنی ناکامیوں کا ذمہ دار پاکستان کو ٹھہراتا ہے۔رپورٹ میں کہا گیا بھارت بغیر کسی ٹھوس ثبوت وشواہد کے پاکستان کو جعلی آپریشنوں میں ملوث کرنے کی کوشش کرتا رہا لیکن اسے ہمیشہ منہ کی کھائی پڑی ہے۔
”کے ایم ایس“ رپورٹ میں مزید کہا گیا کہ رواں برس اپریل میں رچائے گئے پہلگام فالس فلیگ آپریشن کی آڑ میں مودی حکومت نے پاکستان کے خلاف ایک ننگی جارحیت کی اور خواتین اور بچوں سمیت کئی بے گناہ شہری شہید کیے تاہم دس مئی کو پاکستان کی طرف سے ہونے والی ایک بھر پور جوابی کارروائی نے بھارت کا سارا غرور و تکبر خاک میں ملا دیا.







