بھارت: اڑیسہ میں پیراملٹری سی آر پی ایف اہلکار کی خودکشی
راجستھان میں سی آئی ایس ایف اہلکار نے باپ کوقتل کر دیا

بھونیشور: بھارتی ریاست اڑیسہ میں پیراملٹری سنٹرل ریزرو پولیس فورس کے ایک اہلکار نے اپنی سروس رائفل سے خود کو گولی مار کر خودکشی کرلی۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق خودکشی کرنے والے اہلکارکی شناخت گوپی ناتھ شبر کے نام سے ہوئی ہے جوضلع نواپڈا کی سنابیڈا سینکچری میں سی آر پی ایف کی 216ویں بٹالین میں تعینات تھا۔ اس کا تعلق کھریار بلاک کے علاقے گڑھ ہارا سے تھا۔ سی آر پی ایف اہلکار کو، کیمپ میں مردہ پایا گیا، اس نے اپنے پیچھے بیوی، ایک بیٹی اور ایک بیٹا چھوڑ ا ۔ خودکشی کی وجہ ابھی تک معلوم نہیں ہوسکی ہے ، تاہم وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
دریں اثناء بھارتی ریاست راجستھان کے علاقے ساتھین میں پیراملٹری سنٹرل انڈسٹریل سیکورٹی فورس کے ایک ہیڈ کانسٹیبل نے جس کی شناخت پرکاش کے نام سے ہوئی ہے، اپنے باپ رامپال کو قتل کردیا۔ پولیس نے بتایا کہ جے پور میں تعینات پرکاش چھٹی پر گھرگیاتھا اور اپنے والد رامپال کے ساتھ جھگڑے کے دوران اس نے غصے میں آکر اس کے سر پر وارکیاجس سے وہ موقع پر ہی ہلاک ہوگیا۔ شور سن کر پڑوسی بلدیو اور کان سنگھ مداخلت کرنے پہنچے لیکن پرکاش نے ان پر بھی حملہ کر دیا جس سے وہ دونوں زخمی ہو گئے۔ کان سنگھ شدید زخمی ہوا اوراسے علاج کے لیے جودھ پور منتقل کر دیا گیا۔ پولیس نے قتل اور اقدام قتل کے مقدمات درج کر لیے اورملزم کو گرفتار کر کے تفتیش شروع کر دی ہے۔





