عالمی برادری تنازعہ کشمیر کے حل کے لیے بھارت پر دبائو ڈالے: کل جماعتی حریت کانفرنس

سرینگر:غیرقانونی طورپر بھارت کے زیر قبضہ جموں وکشمیرمیں کل جماعتی حریت کانفرنس نے عالمی برادری پر زور دیا ہے کہ وہ خطے میں پائیدار امن کو یقینی بنانے کے لیے تنازعہ کشمیر کو پرامن مذاکراتی عمل کے ذریعے حل کرانے کے لیے بھارتی حکومت پر دبائو ڈالے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان ایڈووکیٹ عبدالرشید منہاس نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا کہ تنازعہ کشمیر اقوام متحدہ میں 78سال سے زیر التوا قدیم ترین تنازعات میں سے ایک ہے اور اس میں اب تک بے شمار انسانی جانیں ضائع ہو چکی ہیں۔ترجمان نے کہا کہ پاکستان مسلسل کشمیری عوام کی امنگوں اور اقوام متحدہ کی متعلقہ قراردادوں کے مطابق تنازعہ کشمیر کے حل کی وکالت کررہا ہے لیکن بھارت کے متعصبانہ رویے اورہٹ دھرمی کی وجہ سے یہ مقصد پورا نہیں ہورہا ہے۔ترجمان نے کہا کہ نریندر مودی کی زیرقیادت ہندوتوا حکومت نے مقبوضہ جموں و کشمیر میں ریاستی دہشت گردی کی تمام حدیں پار کر لی ہیں ۔ انہوں نے مقبوضہ علاقے کے طول وعرض میں بھارتی فورسز کی طرف سے آزادی پسند اور امن پسند کشمیری عوام کے ساتھ روا رکھے جانے والے غیر انسانی سلوک کی شدید مذمت کی۔ حریت ترجمان نے کہا کہ بھارت کی مسلسل ہٹ دھرمی دیرینہ تنازعے کے حل میں سب سے بڑی رکاوٹ ہے ۔ انہوں نے ریاستی جبر کے باوجود تحریک آزادی کشمیر کو اس کے منطقی انجام تک پہنچانے کے کشمیریوں کے عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے بین الاقوامی برادری کو اس کی ذمہ داری یاد دلاتے ہوئے کہا کہ وہ جموں و کشمیر میں آزادانہ اور منصفانہ رائے شماری کے انعقاد کے لیے بھارت پر دبا ئوڈالے اور جنوبی ایشیا میں پائیدار امن کو یقینی بنانے کے لیے کشمیری عوام کی امنگوں اور اقوام متحدہ کی متعلقہ قراردادوں کے مطابق تنازعہ کشمیر کو حل کرنے کے لیے اپنا کرداراداکرے۔






