جموں میں پی ایچ ای ملازمین کاقابض حکام کے خلاف احتجاجی مظاہرہ

جموں:غیرقانونی طورپر بھارت کے زیر قبضہ جموں وکشمیرمیں محکمہ پبلک ہیلتھ انجینئرنگ کے ملازمین نے حکام کی جانب سے دیرینہ مطالبات پورے نہ کرنے کے خلاف ایک احتجاجی مظاہرہ کیا۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق ملازمین نے نروال جموں میں محکمہ پی ایچ ای کے چیف انجینئر کے دفتر کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا۔ ملازمین کے رہنمائوں نے کہا کہ مظاہرے کا مقصد حکام کے خلاف اپنے شدید غم وغصے کا اظہار کرنا ہے جو مستقل ملازمین اور یومیہ اجرت پر کام کرنے والے ملازمین کے حقیقی مسائل کو حل کرنے میں بری طرح ناکام رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ڈیلی ویجرز کو ریگولرائز کرنے اور ترقیوں کے لیے ڈیپارٹمنٹل پروموشن کمیٹی کے اجلاسوں کے انعقاد سمیت اہم مطالبات طویل عرصے سے حل طلب ہیں۔راجیش جموال، بلوادر راج، محمد مشتاق، بخشی سنگھ، سبھاش ورما اور کرتار چند دوبے سمیت ملازمین کے سینئر لیڈران نے بھی احتجاج میں شرکت کی۔








