حریت کانفرنس آزاد کشمیر شاخ کے زیراہتمام 5جنوری کو باغ میں ریلی کا انعقادکیا جائے گا

باغ :کل جماعتی حریت کانفرنس آزادجموں وکشمیرشاخ کے زیرِ اہتمام 5 جنوری کو یوم حق خودارادیت کے موقع پر آزاد جموں وکشمیر کے شہر باغ میں ایک ریلی اور مہاجرین مقبوضہ جموں و کشمیر کے ساتھ ایک خصوصی نشست کا انعقاد کیا جائے گا۔
کشمیر میڈیاسروس کے مطابق ریلی کے انعقاد کیلئے ایک کمیٹی تشکیل دی گئی ہے جس میں حریت کانفرنس آزاد کشمیر شاخ کے جنرل سیکرٹری ایڈووکیٹ پرویز احمد شاہ ، زاہد صفی، خادم حسین، شیخ محمد یعقوب ،زاہد اشرف، عبد المجید میر اورشیخ عبدالماجد شامل ہیں ۔ کمیٹی نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ اقوام متحدہ نے اپنی قراردادوں کے ذریعے کشمیریوں کا حق خود ارادیت تسلیم کر رکھا ہے جن میں عمل درآمد میں واحد رکاوٹ بھارت کی ہٹ دھرمی اور غیر حقیقت پسندانہ طرز عمل ہے۔بیان میں کہا گیا کہ 5 جنوری کویوم حق خودارادیت کے موقع پر باغ میں ایک بڑی عوامی ریلی کا انعقاد کرکے دنیابھر کے امن اور انصاف پسند ملکوں کو یہ یا دلانے کی کوشش کی جائے گی کہ کشمیری سات داہائیوں سے زائد کا عرصہ گزر جانے کے باوجود تاحال حق خود ارادیت سے محروم ہیں۔ کمیٹی نے کہا کہ کشمیری عوامبھارتی تسلط سے آزادی چاہتے ہیں جس کے لیے وہ بے مثال قربانیاں دے رہے ہیں۔
بیان میں کہا گیا کہ عالمی برادری کو چاہیے کہ وہ نہتے کشمیریوں پر جاری وحشیانہ بھارتی مظالم کا نوٹس لیں اور انہیں انکا ناقابل تنسیخ حق، حق خودارادیت دلانے کیلئے کردار ادار کرے۔







