جموں : ویشنو دیوی میڈیکل کالج کی بندش کے خلاف طلباء کا احتجاج، کالج کی فوری بحالی پر زور

جموں:بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر میں نیشنل کانفرنس اسٹوڈنٹس یونین نے ویشنو دیوی میڈیکل کالج کی بندش کے خلاف پریس کلب جموں کے باہر شدید احتجاج کیا اور اس اقدام کو علاقے کے عوام کے مفادات کے لیے نقصان دہ قرار دیا۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق، احتجاج کرنے والے طلبا نے پارٹی کے جھنڈے اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر "جموں و کشمیر کے لیے انصاف” اور "سیاست سے زیادہ تعلیم” کے نعرے درج تھے۔ احتجاجی طلباء نے بی جے پی کے خلاف نعرے لگائے اور کہا کہ تعلیمی اداروں کو سیاست سے پاک ہونا چاہیے اور یہ پارٹی انہیں بھی اپنے مذموم سیاسی مقاصد کیلئے استعمال کر رہی ہے۔
مظاہرین نے کہا کہ جموں کی آبادی کا ایک بڑا حصہ میڈیکل کالج کی بندش کو مسترد کرتا ہے اور وسیع تر عوامی مفاد میں اسے بحال رکھنے کا مطالبہ کر رہا ہے۔مظاہرین نے اس مسئلے کو علاقائی تقسیم کے طور پر پیش کرنے کی کوششوں کے خلاف خبردار کرتے ہوئے کہا کہ ایسی حرکتیں نقصان دہ ہیں اور ان کا مقصد بعض گروہوں کی سیاسی بقا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ میڈیکل کالج کی بندش سے میڈیکل کے خواہشمند طلبا کو شدید نقصان پہنچے گا اور مقامی صحت کی دیکھ بھال کا بنیادی ڈھانچہ بھی کمزور ہو گا۔ طلباء نے حکام پر زور دیا کہ وہ کالج کی بندش کا فیصلہ فوری طور پر واپس لیں اور تعلیم کو سیاست پر ترجیح دیں۔۔
دریں اثنا، ضلع ریاسی میں پرایک سڑک کے افتتاح کے دوران بھی لوگوں نے احتجاج کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ سڑک کی تعمیر ابھی ادھوری ہے لیکن پھر بھی اسکا افتتاح کیا گیا۔ انہوںنے قابض انتظامیہ کی عوام دشمن پالیسیوں کے خلاف نعرے لگائے۔






