بی جے پی رکن کی طرف سے ترقیاتی فنڈکو اتر پردیش منتقل کرنا جموں و کشمیر کے عوام سے غداری ہے: عمر عبداللہ

سرینگر: غیرقانونی طورپر بھارت کے زیر قبضہ جموں وکشمیر میں وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے بی جے پی کے رکن اسمبلی غلام علی کھٹانہ کی طرف سے اپنے حلقے کے ترقیاتی فنڈز کو بی جے پی کے زیر اقتدار بھارتی ریاست اتر پردیش کی طرف منتقل کرنے پر کڑی تنقید کرتے ہوئے اس اقدام کو جموں اور کشمیر کے عوام سے غداری قرار دیا ہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق عمر عبداللہ نے انکشاف کیا کہ حلقے کے لئے مختص کئے گئے ترقیاتی فنڈ11.52 کروڑ روپے میں سے 10.58 کروڑ روپے جو مجموعی رقم کا تقریباً 94 فیصدہے، اتر پردیش میں منصوبوں پر خرچ کیے گئے، جبکہ جموں و کشمیر کے لیے صرف 94 لاکھ روپے رکھے گئے۔عمرعبداللہ نے اسے بی جے پی کا دوہرا معیار قراردیتے ہوئے کہا کہ اس اقدام سے جموں وکشمیر کو ترجیح دینے کے پارٹی کے دعوے بے نقاب ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ وہ ترقی اور کشمیر کے بارے میں تشویش کی بات کرتے ہیں لیکن ان کا طرز عمل ایک مختلف کہانی سناتا ہے ۔انہوں نے ترقیاتی فنڈز کہیں اور منتقل کرنے والے نمائندے کومقبوضہ جموں و کشمیر سے نامزد کرنے پر سوال اٹھایا۔نیشنل کانفرنس اور پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی کے رہنماو¿ں نے بھی اس فیصلے پر تنقید کی اور اسے خطے کی توہین قرار دیا جس کو سنگین اقتصادی اور بنیادی ڈھانچے کے چیلنجوں کا سامنا ہے۔انہوںنے کہاکہ فنڈز کی منتقلی سے نمائندگی کا مقصد ہی ختم ہوجاتا ہے۔






