بڈگام میں سمارٹ میٹرز کی تنصیب کے خلاف خواتین کا احتجاج

سرینگر: غیرقانونی طورپر بھارت کے زیر قبضہ جموں وکشمیر میں ضلع بڈگام کے علاقے وترہ ونی میں خواتین نے بجلی کے سمارٹ میٹرز کی تنصیب کے خلاف شدید احتجاج کیا۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق احتجاجی خواتین نے بتایا کہ نئے نظام سے بجلی کے ماہانہ اخراجات بڑھ جائیں گے جس سے کم آمدنی والے گھرانے بری طرح متاثرہونگے۔ خواتین نے سمارٹ میٹرز کی تنصیب کو فوری طور پر معطل کرنے کا مطالبہ کیا۔انہوں نے سمارٹ میٹرز کے آپریشنل طریقہ کار اور بلنگ کے حوالے سے پیشگی آگاہی مہم کی عدم موجودگی پر بھی سوال اٹھایا۔انہوں نے محکمہ بجلی پر زور دیا کہ وہ آگے بڑھنے سے پہلے عوامی سطح پر خدشات کا ازالہ کرے۔مظاہرین کا کہنا تھا کہ یوٹیلیٹی سروسز میں کسی بھی قسم کی تبدیلی کے موقع پر مقامی معاشی حالات کا عنصربھی دیکھا جانا چاہیے۔ انہوں نے ضلعی انتظامیہ سے اپیل کی کہ وہ اس پر نظرثانی کرے۔ انہوں نے خبردارکیاکہ اگران کے خدشات دورنہ کئے گئے تو احتجاج میں شدت لائی جائے گی۔






