”بی جے پی” کو بنگال تباہ کرنے کی کوشش مہنگی پڑے گی، ممتا بنرجی
کولکتہ: بھارتی ریاست مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ اور ترنمول کانگریس کی سربراہ ممتابنر جی نے کہا ہے کہ بھارتیہ جنتا پارٹی بنگال کو برباد کرنے کی کوشش میں پورے ملک میں اقتدار سے محروم ہو جائے گی۔
کشمیر میڈیاسروس کے مطابق ممتا بنر جی نے رانی گنج میں انتخابی ریلی سے خطاب کے دوران کہا کہ مسلسل چوتھی مرتبہ انتخابات جیتنے کے بعد وہ نئی دلی پر قبضہ کیلئے تمام سیاسی جماعتوں کو متحدکریںگی۔ انہوںنے کہاکہ اگر بنگال میں بی جے پی اقتدار میں آئی تو وہ بلڈوزر استعمال کرے گی اورہر ایک کو اٹھاکر پھینک دے گی۔
وزیراعلیٰ نے مزید کہاکہ الیکشن کمیشن بھگواجماعت کی ایما پر ”ایس آئی آر” (ووٹر فہر ستوں کی خصوصی کڑی نظر ثانی )کے نام پر رائے دہندگان کے نام کاٹ رہا ہے ، بی جے پی ساری حدیںپارکررہی ہے لیکن ایس آئی آر ہی اسکا پروانہ موت ہوگا۔ انہوںنے کہا کہ میں وزیر اعلیٰ ہوں لیکن الیکشن کمیشن نے تمام اختیارات اپنے ہاتھ میں لے رکھے ہیں ۔ ممتابنرجی نے مزید کہاکہ ریاست میں آئی اے ایس اور آئی پی ایس عہدیداروں کے تبادلوںکا مقصد بی جے پی کو اس پوزیشن میں لاناہے کہ وہ اسمبلی انتخابات کے نتائج پر اثر انداز ہوسکے۔
یاد رہے کہ مغربی بنگال اسمبلی کے 294اراکین کے انتخاب کیلئے الیکشن رواں برس 23اور 29اپریل کو شیڈول ہیں۔






