فاروق رحمانی کا شبیر شاہ کی بگڑتی ہوئی صحت پر اظہار تشویش ،رہائی کا مطالبہ
اسلام آباد:
جموں و کشمیر پیپلز فریڈم لیگ کے چیئرمین اورکل جماعتی حریت کانفرنس آزاد کشمیرکے سابق کنوینر محمد فاروق رحمانی نے غیر قانونی طورپر نظر بند سینئر حریت رہنما شبیر احمد شاہ کی بگڑتی ہوئی صحت پر سخت تشویش کا اظہار کیا ہے، جو کئی دہائیوں سے قید و بند کی صعوبتیں برداشت کر رہے ہیں۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق محمد فارو ق رحمانی نے اسلام آباد میں جاری ایک بیان میں کہاکہ مسلسل غیر قانونی نظربندی اورعلاج معالجے سمیت تمام بنیادی سہولتوں کی عدم دستیابی کی وجہ سے شبیر شاہ کی صحت تیزی سے گر رہی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ مودی کی بھارتی حکومت کشمیری حریت رہنماﺅں کو جھوٹے اور بے بنیاد الزامات میں ملوث کر کے گرفتار کررہی ہے تاکہ کشمیریوں کی حق پر مبنی جدوجہد آزادی کو کمزور کیاجاسکے ۔ مودی حکومت کے ان اقدامات کے نتیجے میں شبیر احمد شاہ سمیت بڑی تعداد میں کشمیری حریت رہنماﺅں اور نوجوانوں کوگرفتار کیاگیاہے اور طویل نظربندی کی وجہ سے ان کی صحت بری طرح متاثر ہوئی ہے۔محمد فاروق رحمانی نے بھارتی قابض انتظامیہ پر زوردیاکہ وہ شبیر شاہ کی بگڑتی ہوئی صحت کے پیش نظر انہیں فوری طورپر رہا کیاجائے ۔








