پاکستان
پاک بحریہ کا بحیرہ عرب میں ریسکیو آپریشن، بھارتی عملے کو ہنگامی امداد کی فراہمی جاری
اسلام آباد:
پاک بحریہ نے بحیرہ عرب میں انسانی ہمدردی کی بنیاد پر ریسکیو آپریشن شروع کر رکھا ہے، جس کے دوران ایم وی گوتم پر موجود عملے کے6بھارتی اور ایک انڈونیشیائی اہلکار کو ہنگامی امداد فراہم کی جارہی ہے ۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق عمان سے بھارت جانے والے ایم وی گوتم میں تکنیکی خرابی پیدا ہونے پر میری ٹائم ریسکیو اینڈ کوآرڈینیشن سینٹر ممبئی نے پاکستانی حکام سے رابطہ کیا۔سکیورٹی ذرائع کے مطابق اس پر فوری کارروائی کرتے ہوئے پاک بحریہ نے پاکستان میری ٹائم سکیورٹی ایجنسی کے جہاز کشمیر کو امدادی کارروائی کے لیے روانہ کیا۔ذرائع کے مطابق جہاز پر موجود غیر ملکی عملے کو خوراک، طبی امداد اور تکنیکی معاونت فراہم کی جا رہی ہے، جبکہ پاک بحریہ کا کہنا ہے کہ وہ سمندر میں کسی بھی ہنگامی صورتحال میں موثر مدد کے لیے ہمہ وقت تیار اور پرعزم ہے۔








