بارہمولہ میں خصوصی افرادکا اپنے مطالبات کے حق میں احتجاجی مظاہرہ

سرینگر:غیرقانونی طورپر بھارت کے زیر قبضہ جموں وکشمیر میں خصوصی فراد نے بارہمولہ کے کریپا پارک میں زبردست احتجاجی مظاہرہ کرتے ہوئے معذورافرد کے حقوق سے متعلق قانون پرمکمل عملدرآمد کا مطالبہ کیا ۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق جموں و کشمیر ہینڈی کیپڈ ویلفیئر ایسوسی ایشن کے اراکین نے سرکاری بے حسی کے خلاف نعرہ بازی کرتے ہوئے کہا کہ تقریباً ایک دہائی قبل معذورافرد کے حقوق سے متعلق قانون کے نفاذ کے باوجود بہت سی دفعات صرف کاغذوں پر ہی رہ گئی ہیں۔مظاہرین کا کہنا تھا کہ اگر حکومت اپنے ہی 2016 کے قانون پر عمل درآمد میں تاخیر کرکے معذور افراد کو حقوق فراہم نہیں کر سکتی تو اسے عوامی امنگوں کی نمائندگی کا دعویٰ کرنے کا کوئی حق نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ معذور افراد کو قانون پر عملدرآمد نہ ہونے کی وجہ سے بے پناہ مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے، جس سے ہزاروں افراد بنیادی حقوق اوراپنے وقار کے لیے جدوجہد کرنے پر مجبور ہیں۔






