بھارتی پولیس نے سرینگراوربڈگام میں متعدد جائیدادیں ضبط کر لیں

سرینگر:غیرقانونی طورپر بھارت کے زیر قبضہ جموں وکشمیر میں بھارتی پولیس نے انسداد منشیات مہم کی آڑ میں سرینگر اوربڈگام اضلاع میں تقریباً 5 کروڑ روپے مالیت کی غیر منقولہ جائیدادیں ضبط کر لیں ۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق ضبط کی گئی جائیدادوں میں رہائشی مکانات بھی شامل ہیں۔ جن لوگوں کی جائیدادیں ضبط کی گئیں ان میں بڈگام کے علاقے لربل بیروہ کے بلال احمد شیخ اور انیق احمد شیخ بھی شامل ہیں۔ ان کے خلاف پولیس اسٹیشن صدر سرینگر میں مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ان کے دومکانات ضبط کئے گئے ہیں جن میں ایک یک منزلہ اور دو سرادومنزلہ ہے جن کی قیمت تقریباً 80 لاکھ روپے ہے۔ منی کالونی چھانہ پورہ میں تقریباً ایک کروڑ روپے مالیت کا ایک دو منزلہ مکان بھی ضبط کیا گیا ہے۔ پولیس نے جواہر نگر سرینگر میں محسن ابراہیم نقاش کا ایک تین منزلہ مکان بھی ضبط کرلیاجس کی قیمت تقریباً 1 کروڑ روپے ہے۔اسی طرح کرسو راجباغ کے فرحان منظور پنڈت کی جائیداد بھی ضبط کی گئی جس کی قیمت 50 لاکھ روپے ہے۔کرن نگر سرینگر میں اجس بانڈی پورہ کے فیاض احمد راتھر کا ایک دو منزلہ مکان ضبط کیاگیا۔ بخشی آباد بمنہ میں عابد حسن ڈار کا ایک دو منزلہ مکان ضبط کیاگیا جس کی قیمت تقریباً 1.7 کروڑ روپے ہے۔یہ ضبطیاں اس بڑے آپریشن کا حصہ ہیں جس میں چھاپے، گرفتاریاں اور جائیدادوں پر قبضہ کیاجارہا ہے اور گزشتہ کئی ماہ سے جاری ہے۔






