بھارت : اترپردیش میں انسداد تجاوزات کی آڑ میں بابا پیر کا مزار مسمار

نئی دہلی:بی جے پی کے زیر اقتداربھارتی ریاست ا تر پردیش میں حکام نے انسداد تجاوزات کی آڑ میں ضلع سنبھل کے علاقے سرسی میں واقع شیر علی بابا پیر کے مزار کو مسمارکردیا۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق حکام نے بتایا کہ مزار جھیل کی اراضی پر غیر قانونی طور پر تعمیر کیا گیا تھا۔سنبھل کے تحصیلدار دھریندر پرتاپ سنگھ نے بتایا کہ کسانوں نے کھیتی کے لیے علاقے پر قبضہ کر کے مزار تعمیر کرلیاتھا۔انہوں نے کہاکہ 22 مربع میٹر کا مقبرہ نما ڈھانچہ بھی منہدم کر دیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ مزار کے متولی کے خلاف پہلے ہی ایک مقدمہ درج کیا گیا تھا اور ان کی موت کے بعدکسی نے کوئی اعتراض داخل نہیں کیا جس کے بعد مسماری کا حکم جاری کیا گیا ۔اس سے پہلے سنبھل میں اسی طرح کی کئی کارروئیاںکی گئی ہیں جن میں اکتوبر 2025 میں حاتم سرائے میں ایک مسجد اور 80 مکانات اور جون 2025 میں چندوسی میں رضا مصطفیٰ مسجد شامل ہیں۔ تاہم، مقامی مسلمان اس سارے عمل کو اسلام دشمنی قرار دیتے ہوئے کہتے ہیں کہ مسلمانوں کو جان بوجھ کرنشانہ بنایاجارہاہے۔





