میرواعظ عمر فاروق کی امت مسلمہ کو عیدالاضحی کی مبارک باد
لوگوں سے کشمیری نظربندوں کے اہلخانہ کو عید کی خوشیوں میں شامل کرنے کی اپیل
mirwazi
سرینگر: غیر قانونی طورپر بھارت کے زیر قبضہ جموں وکشمیرمیں کل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر رہنما میر واعظ عمر فاروق نے امت مسلمہ کو عید الاضحی کی مبارکباد پیش کی ہے ۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق اپنے عید پیغام میں میرواعظ عمر فاروق نے کہا کہ یہ عید بڈگام میں ایک کم عمر بچی کے ساتھ پیش آنے والے انتہائی المناک واقعہ کے بعد سوگوار ماحول میں منائی جا رہی ہے جس نے کشمیری عوام کے ضمیر کو جھنجھوڑ دیا ہے اور معاشرے کو گہرے صدمے اور غم میں مبتلا کر دیا ہے۔یاد رہے کہ گالوان پورہ بڈگام کی ایک 12سالہ لڑکی کو مقامی ٹیوشن سینٹر جاتے ہوئے اغوااور بے حرمتی کا نشانہ بنانے کے بعد قتل کر دیا گیا تھا۔ اس المناک واقعے پرپورے مقبوضہ کشمیر میں غم و غصے کی شدید لہر ڈور گئی تھی ۔میرواعظ نے کہا کہ وہ سوگوار خاندان کے ساتھ تعزیت اور یکجہتی کے اظہارکیلئے بڈگام جانا چاہتے تھے لیکن قابض حکام نے انہیں گھر میں نظر بند کر دیا۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری مسلمانوں کے ہمدردی اور تعزیت کے اظہار پر قدغن عائد ہے ۔انہوں نے کہا کہ عید الاضحی ہمیں قربانی، ایثاراور مشکل وقت میں ایک دوسرے کا ساتھ دینے کا درس دیتی ہے۔ انہوں نے لوگوں سے بھی اپیل کی کہ وہ عید کی خوشیوں میں جیلوں میں قید کشمیری نظربندوں کے اہلخانہ کو بھی شامل کریں ۔اللہ تعالیٰ کے حضورامن و سلامتی کی دعا کرتے ہوئے میرواعظ نے کہا کہ اللہ معاشرے کو امن، سلامتی، رحمت اور بخشش عطا فرمائے اور لوگوں کو اجتماعی اور انفرادی طور پر ایک بہتر اور زیادہ ہمدرد معاشرے کی تعمیر کی طرف رہنمائی کرے۔
واضح رہے کہ بھارتی قابض انتظامیہ نے میر واعظ عمر فاروق کونماز عید ادا کرنے سے روکنے کیلئے سرینگر میں گھر میں نظر بند کر دیاہے۔






