بھارت کو ایک تعلیم یافتہ وزیر اعظم کی ضرورت ہے، کجر یوال

نئی دلی: عام آدمی پارٹی کے قومی کنوینراروند کجر یوال نے بی جے پی حکومت کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ یقینی طور پر اب ملک کو ایک تعلیم یافتہ وزیر اعظم کی ضرورت ہے ۔ انہوںنے کہا کہ حکومت نیٹ پیپر لیک کی اصل وجوہات تک پہنچنے کے بجائے ان پڑھوں جیسی باتیں کر رہی ہے ۔
کشمیر میڈیاسروس کے مطابق کجر یوال نے کہا کہ حکومت کا کہنا ہے کہ نیٹ میں پیپر لیک روکنے کیلئے ائر فورس کے طیارے استعمال کیے جائیں گے ،کیا اس سے پیپر لیگ رکے گا۔ انہوں نے کہا کہ حقیقت تو یہ ہے کہ پیپر لیک روکنے کی حکومت کی نیت ہی نہیں ہے ، آج ملک کا تعلیمی نظام مکمل طور پر مافیا کے شکنجے میں آچکا ہے اور اگر اس نظام کو درست کرنا ہے تو سب کو مل کر کرنا ہوگا۔
کجر یوال نے اپنے ایک ویدیو پیغام میں کہا کہ وہ خود آئی آئی ٹی سے انجینئر ہیں اور تعلیم کی اہمیت اچھی طرح سمجھتے ہیں ، جب تک ہر بچے کو معیاری تعلیم نہیں ملے گی ملک ترقی نہیں کر سکتا ۔ انہوںنے کہاکہ حکومت نے اعلان کیا اب نیٹ کے پیرکولیک ہونے سے بچانے کیلئے ائر فورس کے جہاز استعمال کیے جائیں گے ، یہ کیا مذاق ہے ، کیا ہمیں بے وقوف سمجھا جا رہا ہے ، پوری دنیا میں بڑے بڑے امتخانات منعقد ہوتے ہیں ، کیا کہیں اس قسم کی نوٹنکی سنی ہے ، بی جے پی حکومت کو صرف اور صرف نوٹنکی کرنی آتی ہے ۔






