بھارتی مظالم سے آزادی کے لئے کشمیریوں کے عزم کو توڑا نہیں جا سکتا: حریت رہنما

سرینگر:غیرقانونی طورپر بھارت کے زیر قبضہ جموں وکشمیر میں حریت رہنماو¿ں نے کہا ہے کہ کشمیری عوام جدوجہدآزادی کے لئے اپنے عزم پر قائم ہیں اور جب تک وہ بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ حق خود ارادیت حاصل نہیں کر لیتے، اپنی مزاحمت جاری رکھیں گے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق حریت رہنماو¿ں نے سرینگر میں جاری اپنے بیانات میں کہا کہ بھارتی حکام کی جانب سے قتل وغارت، من مانی گرفتاریاں، تشدد اور دیگر جابرانہ اقدامات بھارتی قبضے سے آزادی حاصل کرنے کے کشمیریوں کے عزم کو کمزور کرنے میں ناکام رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر کے عوام کی طرف سے کئی دہائیوں سے جاری قربانیاں مادر وطن کی آزادی کے لیے ان کے غیر متزلزل عزم کا منہ بولتا ثبوت ہیں۔حریت رہنماو¿ں نے کہا کہ کشمیری عوام بھارتی گولیوں اور جیل کی سلاخوں سمیت ہر چیلنج کا مقابلہ کرنے کے لیے تیار ہیں لیکن نئی دہلی کی غاصبانہ پالیسیوں کے سامنے کبھی ہتھیار نہیں ڈالیں گے۔ انہوں نے کہاکہ نریندر مودی کی زیرقیادت بھارتی حکومت نے مقبوضہ علاقے میں ظلم و جبر کی مہم تیز کر دی ہے، اس کے باوجود وہ انصاف، آزادی اور اپنے وقار کا مطالبہ کرنے والے کشمیریوںکے عزم کو توڑنے میں ناکام رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ کشمیریوں کے پاس بھارت کے غیر قانونی قبضے اور خطے میں آبادی کا تناسب، سیاسی اور ثقافتی شناخت کو تبدیل کرنے کی کوششوں کے خلاف اپنی پرامن جدوجہد جاری رکھنے کے سوا کوئی چارہ نہیں ہے۔حریت رہنماو¿ں نے کہاکہ مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام بھارت کے مذموم عزائم کو ناکام بنانے اور اپنے منفرد تشخص اور تاریخی حقوق کے تحفظ کے لیے متحد ہیں۔انہوں نے تحریک آزادی کشمیر کے شہداءکو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی قربانیوں سے لوگوں کے عزم کو تقویت اور نئی نسلوں کو اس مشن کو جاری رکھنے کی ترغیب ملی ہے۔ انہوں نے یقین ظاہرکیا کہ وہ دن دور نہیں جب جموں و کشمیر کے لوگ آزادی کی صبح اور انصاف کا بول بالا دیکھیں گے۔ حریت رہنماﺅں نے کہاکہ علاقے پر بھارت کا مسلسل فوجی قبضہ اور بڑے پیمانے پر فوجیوں کی تعیناتی عالمی برادری کے لیے ایک سنگین چیلنج ہے جس کی ذمہ داری ہے کہ وہ تنازعہ کشمیر کے بارے میں اقوام متحدہ کی متعلقہ قراردادوں پر عمل درآمد کو یقینی بنائے۔ انہوں نے اقوام متحدہ اور انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں پر زور دیا کہ وہ علاقے میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے خاتمے اور کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق تنازعہ کشمیرکے پرامن حل کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔





