پاکستان

کراچی :برہان مظفر وانی کے یومِ شہادت پر تاریخی ریلی، ہزاروں افراد کی شرکت

سیاسی، مذہبی، سماجی جماعتوں کا کشمیری عوام سے بھرپور اظہارِ یکجہتی

کراچی: ممتاز نوجوان رہنمابرہان مظفر وانی کے دسویں یومِ شہادت کے موقع پر کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد جموں و کشمیر شاخ کے زیر اہتمام کراچی میں ایک عظیم الشان ریلی نکالی گئی۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق حریت کانفرنس آزاد جموں و کشمیر شاخ کے کنوینر غلام محمد صفی کی قیادت میں ریلی میں مختلف سیاسی، مذہبی، سماجی، طلبہ، وکلا، تاجر، انسانی حقوق اور کشمیری تنظیموں کے رہنمائوں سمیت ہزاروں افراد نے شرکت کی اور کشمیری عوام کے حق خودارادیت کی بھرپور حمایت کا اظہار کیا۔ریلی آرٹس کونسل کراچی سے شروع ہوئی اور شرکا پرامن مارچ کرتے ہوئے کراچی پریس کلب پہنچے۔ شرکا نے پاکستانی اور کشمیری پرچم، شہید برہان مظفر وانی کی تصاویر، حق خودارادیت کے حق میں بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے۔ مارچ کے دوران "کشمیر بنے گا پاکستان”، "ہم کیا چاہتے؟ آزادی”، "برہان وانی شہید”، "پاکستان سے رشتہ کیا؟ لا الہ الا اللہ” اور "کشمیریوں سے رشتہ کیا؟ لا الہ الا اللہ” کے نعرے گونجتے رہے۔ریلی میں کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد جموں و کشمیر شاخ کے جنرل سیکرٹری ایڈووکیٹ پرویز احمد، سینئر رہنما شیخ عبدالمتین، زاہد صفی، شیخ عبدالماجد اور سیکرٹری اطلاعات امتیاز وانی سمیت حریت قیادت نے شرکت کی۔ اس کے علاوہ سنی تحریک پاکستان کے مرکزی صدر ثروت اعجاز قادری، پاکستان مسلم لیگ (ن)سندھ کے صدر بشیر میمن، پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما سینیٹر وقار مہدی، ایم کیو ایم پاکستان کی رہنما ڈاکٹر فوزیہ، جماعت اسلامی کے فرحان فاروق، آزاد جموں و کشمیر کے وزیر عامر عبدالغفار لون، مرکزی مسلم لیگ کے مہدی اسحاق، ہیومن رائٹس کونسل پاکستان کے چیئرمین جمشید حسین، فلسطین فائونڈیشن کے سربراہ ڈاکٹر معراج الہدی، ہندو برادری کے رہنما ڈاکٹر جے پال، مسلم لیگ (فنکشنل)کے سردار عبدالرحیم، سردار نزاکت، بشیر سدوزئی، مسلم لیگ (ن)آزاد کشمیر کے رہنما نعیم احمد، مسلم کانفرنس آزاد کشمیر کے رہنما رانا عزیز الحسن، ممتاز وکلا، صحافیوں، انسانی حقوق کے کارکنوں اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد کی بڑی تعداد بھی شریک ہوئی۔ریلی سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ شہید برہان مظفر وانی نے اپنی جرات، استقامت اور قربانی سے تحریک آزادی کشمیر کو نئی توانائی بخشی اور وہ کشمیری نوجوانوں کے لیے مزاحمت، عزم اور آزادی کی جدوجہد کی علامت بن چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام کئی دہائیوں سے اپنے بنیادی حق خودارادیت کے حصول کے لیے بے مثال قربانیاں دے رہے ہیں، مگر عالمی برادری اب تک اپنی ذمہ داریاں ادا کرنے میں ناکام رہی ہے۔مقررین نے اقوامِ متحدہ، اسلامی تعاون تنظیم ، انسانی حقوق کی بین الاقوامی تنظیموں اور بااثر ممالک سے اپیل کی کہ وہ مقبوضہ جموں و کشمیر کی موجودہ سنگین صورتحال کا سنجیدگی سے نوٹس لیں، انسانی حقوق کی مبینہ خلاف ورزیوں کے خاتمے کے لیے عملی اقدامات کریں اور کشمیری عوام کو اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں کے مطابق رائے شماری کے ذریعے ان کا حقِ خودارادیت دلانے میں اپنا کردار ادا کریں۔ریلی کے اختتام پر شہدائے کشمیر، بالخصوص شہید برہان مظفر وانی کو زبردست خراجِ عقیدت پیش کیا گیا، جبکہ کشمیری عوام کی آزادی، امن اور استقامت کے لیے خصوصی دعا بھی کی گئی۔ شرکا نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ کشمیری عوام کی سیاسی، اخلاقی اور سفارتی حمایت ہر سطح پر جاری رکھی جائے گی اور مسئلہ جموں و کشمیر کے منصفانہ حل تک جدوجہد تیز اور آواز بلند کی جاتی رہے گی۔

Channel | Group  | KMS on
Subscribe Telegram Join us on Telegram| Group Join us on Telegram
| Apple 

متعلقہ مواد

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button