بھارت ان چار ممالک میں شامل ہے جن کے سب سے زیادہ شہر شدید گرمی کے باعث خطرے سے دوچار ہیں

نئی دہلی : ایک عالمی جریدے” سسٹین ایبل سٹیز اینڈ سوسائٹی“ میں شائع ہونے والی ایک تحقیق کے مطابق بھارت ان چار ممالک میں شامل ہے جن کے سب سے زیادہ شہر شدید گرمی کے باعث خطرے سے دوچار ہیں۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق تحقیق سے جس میں دنیا کے 205 بڑے شہروں کی درجہ بندی کی گئی ہے، پتا چلا ہے کہ سب سے زیادہ خطرے والے شہروں میں سے 95 فیصد سے زیادہ جنوبی اور جنوب مشرقی ایشیا اور ذیلی صحارا افریقہ میں ہیں۔عراق کے شہر بصرہ کو عالمی سطح پر سب سے زیادہ خطرے والا شہرقراردیاگیا ہے جبکہ بھارتی ریاست گجرات کے شہراحمد آباد کو دوسرا سب سے زیادہ خطرے والاشہر قراردیاگیا ہے۔جے پور سمیت بھارت کے اہم سیاحتی اور کاروباری مقامات بھی ان 50 شہروں کی فہرست میں شامل ہے جن کو سب سے زیادہ خطرہ لاحق ہے کیونکہ کرہ ارض پر درجہ حرارت روز بروز بڑھتا جارہا ہے۔ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ جنوبی ایشیا کے شہروں کو گرمی کی لہروں سے بڑھتے ہوئے خطرات کا سامنا ہے جن میں کمزور طبقات کو سب سے زیادہ خطرہ ہے۔








