مظفر آباد : یوم شہدائے کشمیر کے موقع پر شہداء کانفرنس کا انعقاد
مقررین کا 1931کے شہداء کو شاندار خراج عقیدت

مظفر آباد:کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد کشمیر شاخ کے زیر اہتمام یوم شہدائے کشمیر کے موقع پر اپر اڈہ لال چوک مظفر آباد میں شہدا کانفرنس کا انعقاد کیا گیا۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق کانفرنس کی صدارت قائم مقام صدر آزاد کشمیر چوہدری لطیف اکبر اور کنوینئر حریت کانفرنس آزاد کشمیر شاخ غلام محمد صفی نے کی جبکہ دیگر مہمانوں میں سیکرٹری کشمیر کاز سید شاہد محی الدین ،ترجمان وزیراعظم آزاد کشمیر شوکت جاوید میر، ڈائریکٹر لبریشن سیل راجہ سجاد خان ، سردار ساجد محمود،غلام حسن بٹ، شیخ جمیل الرحمان ،شیخ یعقوب ،عتیق کیانی ، عظمی شیریں ایڈوکیٹ ،کشمیری حریت رہنما ایڈوکیٹ پرویز احمد شاہ ،مشتاق الاسلام،نشاط بٹ سمیت بڑی تعداد میں افراد نے شرکت کی ۔کانفرنس کے شرکا نے 13جولائی1931کے شہدا کو شاندار خراج عقیدت پیش کیا ۔ مقررین نے کہا کہ 13جولائی 1931کو 22کشمیری نوجوانوں نے اذان کی تکمیل کرتے ہوئے اپنی جانیں قربان کرکے تحریک آزادی کشمیر کی بنیاد رکھی ۔یہ دن تاریخ ساز اہمیت کا حامل ہے جس نے جدوجہد آزادی کشمیر میں نئی روح پھونکی ۔آج کے دن یہ تجدید عہد کرتے ہیں کہ جس مقصد کے لیے ان نوجوانوں نے اپنی جانیں قربان کیں ان کے مشن کو آگے بڑھائیں گے۔مقررین نے کہا کہ تحریک آزادی کشمیر ہماری ریڈ لائن ہے اورایک مضبوط پاکستان ہی تحریک آزادی کشمیرکی کامیابی کا ضامن ہے ۔ انہوں نے کہاکہ کشمیری عوام تکمیل پاکستان کی جنگ لڑ رہے ہیں ،کشمیر کا پاکستان سے رشتہ لازوال ہے ۔انہوں نے کہاکہ کشمیریوں کی واحدمنزل پاکستان ہے جب تک سارا کا سارا کشمیر پاکستان نہیں بن جاتا تب تک جدوجہد جاری رہی گی۔مقررین نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کے عوام بھارتی ظلم و ستم کے باوجود آج بھی تحریک آزادی کو زندہ رکھے ہوئے ہیں ،کشمیر کی آزادی تک یہ جدوجہد جاری رہے گی۔کانفرنس کے شرکا نے تجدید عہد کیا کہ تحریک آزادی کشمیر کے لیے دی گئی قربانیاں رائیگان نہیں جانے دیں گے اور کشمیر کے پاکستان سے الحاق تک جدوجہد جاری رکھیں گے۔مقررین نے معرکہ حق میں پاک فوج کی فتح اور ایران امریکہ جنگ میں پاکستان کی کامیاب سفارت کاری پر فیلڈ مارشل جنرل سید عاصم منیر اور سیاسی قیادت کو خراج تحسین پیش کیا ۔مقررین نے کہا کہ پوری کشمیری قوم پاکستان اور افواج پاکستان کے ساتھ کھڑی ہیں۔پاکستان نے ہمیشہ کشمیریوں کے حق خود ارادیت کی حمایت کی اور ہر مشکل وقت میں کشمیریوں کا ساتھ دیا۔شہدائے کانفرنس کے اختتام پر لال چوک اپر اڈہ سے سی ایم ایچ چوک تک مشعل بردار ریلی نکالی گئی ۔






