مقبوضہ جموں و کشمیر
نیشنل کانفرنس دفعہ 370کی بحالی کا بھی مطالبہ کرے، پروفیسر سوز

سری نگر: بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر میں کانگریس کے سینئر رہنما سیف الدین سوز نے حکمران جماعت نیشنل کانفرنس پر زور دیا ہے کہ وہ نئی دہلی کے جنتر منتر پر مجوزہ احتجاج کے دوران ریاستی درجے کی بحالی کیساتھ ساتھ دفعہ 370 کی بحالی کا بھی مطالبہ کرے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق پروفیسر سوز نے سرینگر میں ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ این سی کو اپنے احتجاج کو صرف ریاستی حیثیت کی بحالی تک محدود نہیں رکھنا چاہیے ۔ انہوںنے کہا کہ مقبوضہ علاقے کے لوگ 5 اگست 2019 سے پہلے موجود آئینی تحفظات اور خصوصی حیثیت کی بحالی کے خواہاں ہیں، ہمارا مسئلہ صرف ریاست کا درجہ نہیں ہے۔
پروفیسر سوز کہا کہ اصل مسئلہ داخلی خودمختاری اور آئینی ضمانتوں کی بحالی ہے جو دفعہ370 کی منسوخی کے بعد واپس لے لی گئی تھیں۔







