ہیومن رائٹس کونسل آف پاکستان کے وفد کا حریت کانفرنس آزاد کشمیر شاخ کے دفتر کا دورہ

اسلام آباد: ہیومن رائٹس کونسل آف پاکستان کے چیئرمین جمشید حسین نے اپنے ایک اعلی سطحی وفد کے ہمراہ کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد جموں و کشمیر شاخ کے دفتر کا دورہ کیا اور کنوینر غلام محمد صفی اور دیگر حریت رہنماں سے تفصیلی ملاقات کی۔
کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق ملاقات میں تحریکِ آزادی جموں و کشمیر، مقبوضہ جموں و کشمیر کی تازہ ترین سیاسی و انسانی صورتحال، بھارتی ریاستی جبر، انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوںاور مسئلہ کشمیر کے منصفانہ حل سے متعلق مختلف پہلوں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔حریت قیادت نے وفد کو مقبوضہ علاقے کی صورتحال پر بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ بھارت گزشتہ کئی برسوں سے کشمریوں کے بنیادی انسانی، سیاسی اور مذہبی حقوق سلب کرنے کی پالیسی پر عمل پیرا ہے۔ غیر قانونی گرفتاریاں، ماورائے عدالت قتل، جبری گمشدگیاں، اظہارِ رائے اور میڈیا کی آزادی پر پابندیاں، مذہبی آزادیوں میں رکاوٹیں اور آبادی کے تناسب کو تبدیل کرنے کی کوششیں بین الاقوامی قوانین اور اقوامِ متحدہ کی قراردادوں کی کھلی خلاف ورزی ہیں۔
جمشید حسین نے کہا کہ کشمیری عوام کی جدوجہد آزادی انصاف، انسانی وقار اور بنیادی حقوق کی جدوجہد ہے، جس کی حمایت ہر انصاف پسند انسان کی اخلاقی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے یقین دلایا کہ ہیومن رائٹس کونسل آف پاکستان کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت اور انسانی حقوق کے تحفظ کے لیے اپنی بھرپور اخلاقی، قانونی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گی۔جمشید حسین نے عالمی برادری، اقوامِ متحدہ، اقوامِ متحدہ کی انسانی حقوق کونسل، او آئی سی اور دیگر بین الاقوامی انسانی حقوق کی تنظیموں سے مطالبہ کیا کہ وہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کا فوری نوٹس لیں، حقائق معلوم کرنے کے لیے آزاد بین الاقوامی تحقیقاتی مشن بھیجیں اور بھارت کو بین الاقوامی انسانی حقوق اور انسانی قوانین کی پاسداری کا پابند بنائیں۔ غلام محمد صفی نے جمشید حسین اور ان کے وفد کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے انسانی حقوق کے کارکنوں، وکلا، دانشوروں اور سول سوسائٹی کی حمایت کشمیری عوام کے لیے ہمت وحوصلے کاباعث ہے ۔ اس موقع پر محمود احمد ساغر، پرویز احمد ایڈووکیٹ، شیخ عبدلمتین، شیخ محمد یعقوب حاجی سلطان بٹ،سید گلشن احمد، شیخ عبدلماجد،، سید مشتاق، منظور احمد ڈار ، زاہد اشرف، محمد اشرف ڈار،محمد شفیع ڈار، عبدلمجید میر اور امتیاز وانی بھی موجود تھے۔ ہیومن رائٹس کونسل کے وفدمیں چیئرمین جمشید حسین کے علاوہ مونس اخلاق وائس پریزیڈنٹ ، سعدیہ مرزا جوائنٹ سیکرٹری،حماد عباسی جنرل سیکرٹری، محمد علی صدر مشعل شامل تھے ۔ملاقات کے اختتام پرجماعتِ اسلامی پاکستان کے جنرل سیکرٹری امیرالعظیم مرحوم کے درجات کی بلندی اور لواحقین کے لیے صبرِ جمیل کی دعا کی گئی۔








