آئینی تسلسل، جمہوری عمل اور مذاکرات آزاد کشمیر کے سیاسی استحکام کیلئے ناگزیر ہیں: سردار مسعود خان
اسلام آباد: آزاد جموں و کشمیر کے سابق صدر سردار مسعود خان نے کہا ہے کہ آزاد کشمیر میں سیاسی استحکام اور مسئلہ کشمیر کو موثر انداز میں آگے بڑھانے کے لیے آئینی تسلسل، جمہوری عمل اور تمام متعلقہ فریقوں کے درمیان مذاکرات ناگزیر ہیں۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق اسلام آباد میں جاری ایک بیان میں سردار مسعود خان نے کہا کہ موجودہ چیلنجز کے باوجود آئینی تقاضوں کے مطابق آزاد کشمیر میں انتخابات کا انعقاد ایک مثبت قدم ہے، جو جمہوری تسلسل اور آئینی اداروں کی ساکھ کو برقرار رکھنے میں مددگار ثابت ہوگا۔انہوں نے کہا کہ اگرچہ انتخابات سے تمام مسائل فوری طور پر حل نہیں ہوں گے، تاہم منتخب قانون ساز اسمبلی عوامی شکایات، مہاجرین کی نمائندگی اور دیگر ادارہ جاتی اصلاحات جیسے معاملات پر پارلیمانی بحث اور اتفاق رائے کے ذریعے پیش رفت کے لیے ایک مناسب آئینی فورم فراہم کرے گی۔سردار مسعود خان نے کہا کہ گزشتہ چند برسوں کے دوران آزاد کشمیر حکومت، حکومت پاکستان اور متعلقہ ریاستی ادارے جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کے ساتھ مسلسل رابطے میں رہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ کمیٹی کے بیشتر مطالبات یا تو تسلیم کر لیے گئے ہیں، ان پر عملدرآمد ہو چکا ہے یا انہیں جاری اصلاحاتی عمل کا حصہ بنا دیا گیا ہے جبکہ آئینی نوعیت کے معاملات صرف قانون سازی کے ذریعے ہی حل کیے جا سکتے ہیں۔انہوں نے تمام سیاسی قوتوں پر زور دیا کہ وہ تحمل اور ذمہ داری کا مظاہرہ کریں اور اشتعال انگیز بیانات اور سیاسی محاذ آرائی سے گریز کریں، کیونکہ اس سے اختلافات میں اضافہ ہوتا ہے اور مفاہمت کی کوششیں متاثر ہوتی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ مذاکرات کا دروازہ ہمیشہ کھلا رہنا چاہیے اور تمام فریقوں کے درمیان مسلسل رابطہ موجودہ تعطل کے پائیدار اور پرامن حل میں مددگار ثابت ہوگا۔علاقائی صورتحال کا ذکر کرتے ہوئے سردار مسعود خان نے کہا کہ بھارت پاکستان اور آزاد کشمیر کی اندرونی سیاسی صورتحال کو اپنے پروپیگنڈے کے لیے استعمال کرنے کی کوشش کرتا ہے، تاہم آزاد کشمیر کے عوام کا پاکستان کے ساتھ غیر متزلزل تعلق اور مسئلہ کشمیر کے لیے ان کی قربانیاں ناقابل فراموش ہیں۔سردار مسعود خان نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ آئینی حکمرانی، مضبوط جمہوری ادارے، قومی یکجہتی اور جامع مکالمہ ہی آزاد کشمیر کے سیاسی استحکام اور مسئلہ کشمیر کے موثر فروغ کی بنیاد ہیں۔






