کنگنا رناوت کی ذہنی حالت ٹھیک نہیں ، جنریشن زی کو گٹر قرار دینے پر اداکارہ شدید تنقید کی زد میں

نئی دلی : کاکروچ جنتا پارٹی( سی جے پی) کے ترجمان سوروداس نے جنریشن زی کو جنریشن گٹر قرار دینے پر بی جے پی رکن پارلیمنٹ کنگنا رناوت کو کڑی تنقید کا نشانہ بناتا ہوئے کہا ہے کہ ان کی ذہنی حالت ٹھیک نہیں ہے۔
کشمیر میڈیاسروس کے مطابق اداکارہ سے سیاست دان بننے والی گنگنا رناوت نے نیٹ پیپر لیک معاملے پر کاکروچ جنتا پارٹی( سی جے پی) زیر قیادت اتحاد کو نشانہ بناتے ہوئے اپنے انسٹا گرام پر سخت الفاظ استعمال کرتے ہوئے زی جنریشن کو جنریشن گٹر قرار دیا تھا ۔ کنگنا کی پوسٹ کا جواب دیتے ہوئے سی جے پی کے ترجمان سوروداس نے کہا کہ کنگنا بدزبانی کر رہی ہے اور ان کی ذہنی حالت ٹھیک نہیں ہے۔انہوںنے کہا کہ کنگنا نے نوجوانوں کے خلاف جو زبان استعمال کی وہ زبان ایک ایسا شخص کبھی بھی استعمال نہیں کر سکتا جس کی ذہنی حالت ٹھیک ہو ۔
انہوںنے کہا کہ ایسی ویڈیوز موجود ہیں جن میں کنگنا کو اپنے حلقے میں لوگوں سے ملاقات کے دوران یہ الفاظ کہتے ہوئے سنا جاسکتاہے۔ ”آپ لوگ تو بہت کام کراتے ہو، مجھے تو لگا تھا کہ ایم پی بن کے زیادہ کام نہیں ہوگا لیکن یہاں تو مجھے روز کام کرنا پڑتا ہے۔ ”
سابق اداکارہ نے طلباء کے احتجاج میں حصہ لینی والی خواتین پر بھی تنقید کی تھی اور کہا تھا کہ یہ نام نہاد مغرب زدہ بھارتی خواتین کی نئی نسل ہے جسے میں جنریشن گٹر کہتی ہوں ۔ حزب اختلاف کی جماعتوں کانگریس، سماج وادی پارٹی وغیرہ نے بھی کنگنا کے ان ریمارکس پر کڑی تنقید کی تھی۔




