شیخ عبدالعزیز کی جدوجہد و قربانیاں تحریک آزادی کشمیر کا ناقابل فراموش باب ہیں: مقررین

اسلام آباد:کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد جموں و کشمیر شاخ اور جموں و کشمیر لبریشن سیل کے زیر اہتمام تحریک آزادی کشمیر کے ممتاز رہنما اور شہید عزیمت شیخ عبدالعزیز شہید کی 18ویں برسی کے موقع پر کشمیر ہائوس اسلام آباد میں ایک پروقار سیمینار منعقد ہوا۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق سیمینار کی صدارت کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد جموں و کشمیر شاخ کے کنوینر غلام محمد صفی نے کی، جبکہ سابق وزیراعظم آزاد جموں و کشمیر راجہ فاروق حیدر تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔سیمینار سے امیر جماعت اسلامی ڈاکٹر محمد مشتاق، عظمیٰ حمید گل ، ڈائریکٹر لبریشن کمیشن افسر خان کے علاوہ کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد جموں و کشمیر کے رہنمائوں محمد فاروق رحمانی، محمود احمد ساغر، شیخ عبدالمتین، سید یوسف نسیم، شیخ محمد یعقوب، سید اعجاز رحمانی، الطاف احمد بٹ اور دیگر نے خطاب کیا۔مقررین نے کہا کہ شہید عزیمت شیخ عبدالعزیز کی لازوال جدوجہد، بے مثال استقامت اور عظیم قربانی تحریک آزادی کشمیر کی تاریخ کا ایک روشن اور ناقابل فراموش باب ہیں۔انہوں نے شیخ عبدالعزیز کو شاندار خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے اپنی پوری زندگی کشمیری عوام کے حق خودارادیت اور بھارتی قبضے کے خلاف جدوجہد میں گزاری اور اپنی جان کا نذرانہ پیش کرکے تحریک آزادی کے لیے ایک روشن مثال قائم کی۔انہوں نے کہا کہ شیخ عبدالعزیز ایک مخلص، دیانتدار اور بااصول رہنما تھے جنہوں نے ذاتی مفادات سے بالاتر ہو کر کشمیری عوام کے بنیادی حق کے لیے جدوجہد کی۔ ان کی قربانی آنے والی نسلوں کے لیے عزم، حوصلے اور استقامت کا سرچشمہ ہے۔مقررین نے عزم ظاہر کیا کہ شہید شیخ عبدالعزیز کے مشن کو ہر قیمت پر اسکے منطقی انجام تک جاری رکھا جائے گا اور تحریک آزادی کشمیر کو سیاسی، سفارتی اور اخلاقی سطح پر آگے بڑھایا جائے گا۔سیمینار کے اختتام پر متفقہ طور پر ایک قرارداد منظور کی گئی، جس میں کہا گیا کہ شہدائے جموں و کشمیر کی قربانیوں کو نتیجہ خیز بنانے کے لیے ہر سطح پر جدوجہد منظم کی جائے گی۔قرارداد میں کہا گیا کہ شہید سید علی گیلانی اور شہید شیخ عبدالعزیز کے نظریات اور نعروں کو کشمیری عوام کی نظریاتی، سیاسی اور اقتصادی وابستگی کا اظہار سمجھا جاتا ہے۔ قرارداد میں مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارتی مظالم، قتل و غارت، گرفتاریوں، مکانات و دکانوں کے انہدام اور آبادی کا تناسب تبدیل کرنے کی کوششوں کی مذمت بھی کی گئی۔قرارداد میں حکومت پاکستان سے اپیل کی گئی کہ وہ عالمی برادری کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق کشمیری عوام کے حق خودارادیت کے ذریعے تنازع کے منصفانہ حل کے لیے اپنا کردار ادا کرنے پر آمادہ کرے۔اس موقع پر شہدائے جموں و کشمیر اور شہدائے پاک فوج کو خراج عقیدت پیش کیا گیا، جبکہ شیخ عبدالعزیز اور دیگر شہدا کے درجات کی بلندی کے لیے دعا بھی کی گئی۔








