مقبوضہ کشمیر : ہائی کورٹ کا ہسپتالوں میں جان بچانے والی ادویات کی قلت پرسخت اظہار تشویش
سرینگر : غیر قانونی طورپر بھارت کے زیر قبضہ جموں وکشمیر میں ہائیکورٹ نے ہسپتالوں میں جان بچانے والی ادویات کی شدید قلت پرسخت تشویش کا اظہار کرتے ہوئے جموں و کشمیر میڈیکل سپلائز کارپوریشن لمیٹڈ کے منیجنگ ڈائریکٹر کوطلب کر لیا ہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق قائم مقام چیف جسٹس سنجیو کمار اور جسٹس محمد یوسف وانی پر مشتمل ہائی کورٹ کے ڈویژن بینچ نے گورنمنٹ میڈیکل کالجز سرینگر اور جموں کے پرنسپلز کی جانب سے جمع کرائے گئے حلف ناموں کا جائزہ لینے کے بعدجموں و کشمیر میڈیکل سپلائز کارپوریشن لمیٹڈ کے ایم ڈی کو ذاتی حیثیت میں پیش ہوکر ادویات کی عدم فراہمی کی وضاحت کرنے کی ہدایت کی۔عدالت کو بتایا گیا کہ ہیموفیلیا کے مریضوں کے لیے ضروری فیکٹر VII اور ایمیکی زوماب کی خریداری کا معاملہ جے کے ایم پی سی ایل کے سامنے اٹھایا گیا تھا، تاہم متعدد یاد دہانیوں کے باوجود کارپوریشن کی جانب سے کوئی جواب نہیں دیا گیا۔عدالت نے کہا کہ گورنمنٹ میڈیکل کالج سرینگر کے پرنسپل کے حلف نامے سے واضح ہے کہ سرینگر اور جموں کے دونوں میڈیکل کالجز کو ادویات کی شدید قلت کا سامنا ہے اور انہیں ان ادویات کی فوری ضرورت ہے۔






