”بی جے پی، آرایس ایس‘ مسخروں کا ٹولہ ، راہول گاندھی

نئی دلی: کانگریس کے سابق صدر راہول گاندھی نے ”بی جے پی او ر آر ایس ایس“کو مسخروں کا ٹولہ قرا ر دیتے ہوئے کہا ہے کہ انہیں بھارت کی کوئی سمجھ نہیں ہے۔
کشمیر میڈیاسروس کے مطابق راہول گاندھی نے نئی دلی میں ایک پارٹی کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آر ایس ایس اپنی اصل قوت کے طور پر ختم ہو چکی ہے اور اب یہ بڑے سرمایہ داروں یعنی اڈانی اور امبانی کا آلہ بن گئی ہے ۔ انہوںنے کہا کہ میڈیا کے ایک ٹولے کی مجبوریوں کو میں سمجھتا ہوں لیکن قومی جذبہ بھی ایک چیز ہوتی ہے لہذا مسخروں کے ایک ٹولے کو ہم پر اپنا نظام مسلط کرنے کی اجازت نہ دی جائے ۔ انہوںنے کہا کہ مودی کے ذہن میں یہ بات بٹھا دی گئی ہے کہ خارجہ پالیسی کا مطلب عالمی رہنماﺅں کو گلے لگانا ہے ۔
راہول گاندھی نے کہا کہ ہمارا ملک نفرت کے لیے نہیں بلکہ محبت ، بھائی چارے کے لیے ہے ،یہ سمجھنا ضروری ہے کہ ہماری لڑائی ان لوگوں کے خلاف ہے جو دوسروں پر اپنا نظام مسلط کرناچاہتے ہیں ۔
راہول گاندھی نے مزید کہا کہ مودی رات کو سو نہیں پاتے، اسکی مختلف وجوہات ہیں ، کچھ پوشیدہ وجوہات بھی ہی۔امیت شاہ اب غائب ہو چکے ہیں ، انہیں 20روز تک پارلیمنٹ میں داخل ہونے کی ہمت نہیں ہوئی کیونکہ انہیں پہلی بار بھارت کے اظہاررائے کا احساس ہورہا ہے ، انہوںنے سمجھ لیا ہے کہ یہ ملک اپنے اظہار رائے سے اب باز نہیں آئے گا۔






