بھارت :اروناچل پردیش میں سیلاب اور مٹی کے تودے گرنے سے چار افراد ہلاک، پانچ فوجی لاپتہ

ایٹا نگر : بھارتی ریاست اروناچل پردیش کے ضلع دیبانگ وادی میں شدید بارش کی وجہ سے آنے والے سیلاب کے نتیجے میں دو پناہ گاہیں بہہ جانے کے بعد بھارتی فوج کے پانچ اہلکار لاپتہ ہوگئے جبکہ ضلع بالائی سبانسیری میں سڑک کی تعمیر کے مقام پر مٹی کے تودے گرنے سے چار افراد ہلاک ہوگئے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق مٹی کے تودے ضلع بالائی سبانسری میں کیوجرنگ بیاچنگ روڈپر گرآئے۔جبکہ کئی لوگ ملبے تلے دب گئے، اس واقعے میں چار افراد ہلاک ہوئے جن میںتادو بکی، تاجی رائے، مارکوش باسوماتاری اور بابل علی شامل ہیں۔ ضلع ڈیزاسٹر مینجمنٹ آفیسر نے بتایا کہ بابل علی کی لاش برآمد کر لی گئی ہے اورناچو تھانے کے اہلکاروں کو دیگر لوگوں کی تلاش کے لیے تعینات کیا گیا ہے۔ دپوریجو سے فائر اور ایمرجنسی سروسز کے اہلکاروں کو بھی متحرک کیا جا رہا ہے، جبکہ ریاستی ڈیزاسٹر رسپانس فورس کی ایک ٹیم آپریشن میں مدد کرے گی۔
ادھر ضلع دیبانگ ویلی میں بارش کی وجہ سے آنے والے سیلاب سے پاسو پانی آرمی کیمپ میں دو پناہ گاہیںبہہ گئیں۔حکام نے بتایا کہ سیلاب میں فوج کے سات اہلکاربہہ گئے اور ان میں سے دو کو بچا لیا گیا جبکہ پانچ لاپتہ ہیں۔لاپتہ اہلکاروں کی شناخت حوالدار اوپیندر ، سپاہی کندن، ونود، آدتیہ اور سمندا کے طور پر کی گئی ہے۔







