راجوری: 14 سال کی عمر میں لاپتہ ہونے والا لڑکا 26 سال بعد گھر واپس پہنچا
![]()
راجوری:غیرقانونی طورپر بھارت کے زیر قبضہ جموں وکشمیرمیں ضلع راجوری سے تعلق رکھنے والا ایک نوجوان 14 برس کی عمر میں لاپتہ ہونے کے26سال بعد گھر واپس پہنچا ہے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق ضلع میں تھنہ منڈی کے علاقے بھروٹ سے تعلق رکھنے والا نوجوان معاش کی تلاش میں ممبئی پہنچا جہاں وہ گھر کا پتہ بھول جانے کی وجہ سے 26 سال تک واپس نہ آ سکا۔ والدین کی طرف سے متعلقہ پولیس تھانے میں رپورٹ بھی درج کروائی گئی اور اس کی کافی تلاش کی گئی لیکن کوئی سراغ نہیں ملا۔چند روز قبل ایک یوٹیوبر نے اس شخص کے حوالے سے ایک ویڈیو اپ لوڈ کی جس میں بتایا گیا کہ یہ نوجوان اپنا نام”راجہ“ اور رہائش تحصیل تھنہ منڈی بتا رہا ہے۔ جب یہ ویڈیو گھر والوں تک پہنچی تو انہوں نے فوری طور پر اس سے رابطہ کیا۔ جس کے بعد اسے وہاں سے واپس گھر لایاگیا۔بہر حال یہ شخص طویل عرصے کے بعد اپنے خاندان سے مل گیا ہے۔ علاقے میں راجہ کی آمد پر خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے اور ہر بچہ، بوڑھا اور جوان اس کے استقبال کے لیے موجود تھا۔راجہ کے والد وزیر حسین نے بتایا کہ جب راجہ غریبی کی وجہ سے روزگار کی تلاش میں ممبئی گیا تو اس کی عمر محض 14 برس تھی اور وہ وہاں جا کر لاپتہ ہو گیا۔ تقریباً 20 سال قبل اس نے ایک بار فون پر بتایا تھا کہ وہ کسی سمندر کے کنارے موجود ہے لیکن اسے جگہ کا نام معلوم نہیں تھاجس کے بعد اس کا کچھ پتہ نہ چل سکا۔ آخر کار چند روز قبل سوشل میڈیا کے ذریعے خاندان کو اس کا سراغ ملا اور گھر والوں نے اس سے رابطہ کیا۔








