آسام : ساتھی اہلکار کی فائرنگ سے دو بھارتی پولیس اہلکار ہلاک
دیسپور : بی جے پی کے زیرِ اقتدار بھارتی ریاست آسام میں ایک پولیس اہلکار کی جانب سے فائرنگ کے نتیجے میں ایک افسر سمیت دوساتھی پولیس اہلکار ہلاک اور دو دیگر زخمی ہوگئے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق ہلاک ہونے والے پولیس اہلکاروں کی شناخت فضل علی اور گیمرِمورا پولیس چوکی انچارج اندرجیت بورا کے نام سے ہوئی ہے ۔ یہ واقعہ اس وقت پیس آیا جب پولیس اہلکار چرنجیب چودھری نے ضلع کامروپ کے علاقے بوکو میں واقع گیمرِمورا پولیس چوکی پر موجود ساتھی پولیس اہلکاروں پر اپنی اے کے-47 رائفل سے فائرنگ کردی۔زخمی اہلکاروں کی حالت اور فائرنگ کرنے والے پولیس اہلکار کے حوالے سے مزید تفصیلات کا انتظار ہے۔ بھارتی سکیورٹی فورسزکے درمیان موجود اختلافات اور ایک دوسرے پر فائرنگ کے واقعات کوئی نئی بات نہیں ہے ۔بھارتی فوج، پیراملٹری اور پولیس اہلکار بڑھتے ہوئے دبائو، پیشہ ورانہ نظم و ضبط کی کمی، گھر سے دور پوسٹنگ ، چھٹی نہ ملنا اور گرتے ہوئے مورال کا تیزی سے شکار ہو رہے ہیں ۔







