بھارت سفارتی و عسکری میدان میں شکست کے بعد اسپورٹس کلچر کو بھی نقصان پہنچا رہا ہے:طلال چودھری
اسلام آباد:وزیر مملکت برائے داخلہ سینیٹر طلال چودھری کا کہنا ہے کہ بھارت سفارتی و عسکری میدان میں شکست کے بعد اسپورٹس کلچر کو بھی نقصان پہنچا رہا ہے۔
دبئی میںویمنز ایشیا کپ جیتنے کے بعدبھارتی ٹیم کی جانب سے صدر ایشین کرکٹ کونسل اورپی سی بی کے چیئرمین محسن نقوی سے ٹرافی لینے سے انکارکے بعد طلال چودھری نے ایک بیان میں کہا کہ بھارت نے سیاست اور کھیل میں فرق ختم کردیا ہے۔انہوں نے کہا کہ بھارت ٹرافی لے یا نہ لے یہ سفارتی اور عسکری میدان میں شکست کی خفت مٹانا چاہتا ہے، پاکستان نے کبھی بھی کھیل کو سیاست کی نذر نہیں کیا۔طلال چودھری کا کہنا تھا کہ بھارت اسپورٹس اور بین الاقوامی معاہدوں کو نقصان پہنچا رہا ہے۔وزیر مملکت نے بتایا کہ محسن نقوی مصروفیات کے باوجود گرائونڈ میں موجود تھے۔انہوں نے کہا کہ بھارت کے ساتھ دنیا کا کوئی ملک کھڑا نہیں ہے، نفرت کی سوچ کے ساتھ بھارت عالمی سطح پر تنہا ہوتا جارہا ہے۔
بھارتی ویمنز ٹیم نے دبئی میں ویمن ایشیا کپ کے فائنل میں دفاعی چیمپئن سری لنکا کو 72رنز سے شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کرلیا، تاہم بھارتی ٹیم نے صدر ایشین کرکٹ کونسل محسن نقوی سے ٹرافی لینے سے انکار کر دیا ۔کرکٹ ماہرین اور شائقین نے افسوس کا اظہار کیاہے کہ بھارت نے ایک بار پھر اپنی سیاسی دشمنی کو کرکٹ کے میدان میں لے جاکر کھیلوں کے ایک موقع کو سیاسی پوائنٹ اسکورنگ کے لئے استعمال کیا ہے۔







