اقوام متحدہ کے سربراہ سے کشمیری نظربندوں کی حالت زار کا نوٹس لینے کی اپیل
سرینگر:غیرقانونی طورپر بھارت کے زیر قبضہ جموں وکشمیرمیں کل جماعتی حریت کانفرنس نے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس پر زور دیا ہے کہ وہ بھارت پر دبا ئوڈالیں کہ وہ بھارت اور مقبوضہ علاقے کی مختلف جیلوں میں نظربندکشمیری حریت رہنماوں،کارکنوں، نوجوانوں کو رہا کرے ۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان ایڈووکیٹ عبدالرشید منہاس نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں غیر قانونی طور پر نظر بند حریت رہنماوں، نوجوانوں اور کارکنوں کی حالت زار پر گہری تشویش کا اظہار کیا۔ انہوں نے اقوام متحدہ پر زور دیا کہ وہ بھارت پر دباو ڈالے کہ تمام قیدیوں کو رہا کیا جائے اور دیرینہ تنازعہ کشمیر کو عالمی ادارے کی قراردادوں اور جموں و کشمیر کے عوام کی خواہشات کے مطابق حل کیا جائے۔
ترجمان نے کہا کہ ہزاروں کشمیریوں کو عالمی سطح پر تسلیم شدہ اپنے حقِ خودارادیت کے حصول کے لیے پرامن جدوجہد کرنے کی پاداش میں جیلوں میں ڈال دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی حکومت سیاسی قیدیوں سے متعلق جنیوا کنونشنز کی کھلی خلاف ورزی کرتے ہوئے کشمیری نظربندوں کو بنیادی قانونی سہولیات سے محروم کر رہی ہے، سیاسی انتقام کی بنیاد پر ان کی غیر قانونی نظربندی کو طول دے رہی ہے اور انہیں آزادانہ اور منصفانہ ٹرائل کے حق سے محروم کررہی ہے۔
ترجمان نے کہا کہ یہ انتہائی افسوسناک ہے کہ بھارتی حکومت نے طاقت کے وحشیانہ استعمال کا راستہ اختیار کرکے دیرینہ تنازعہ کشمیر کے پرامن حل کے تمام راستے بند کر دیے ہیں۔ تاہم انہوں نے کہا کہ نئی دہلی کے ظالمانہ ہتھکنڈے کشمیریوں کے جذبہ آزادی کو کمزور نہیں کر سکتے اور وہ اپنی جدوجہد کو اس کے منطقی انجام تک جاری رکھیں گے۔








