پروفیسر عبد الغنی بٹ کو پہلی برسی پر خراج عقیدت
مرحوم کی تحریک آزادی کیلئے خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی، زاہد صفی
اسلام آباد : کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد کشمیر شاخ کے رہنما زاہد صفی نے سینئر حریت رہنما پروفیسر عبدالغنی بٹ کو آج ان کی پہلی برسی کے موقع پر انہیں شاندار خراج عقیدت پیش کیا ہے۔
کشمیر میڈیاسروس کے مطابق زاہد صفی نے اسلام آباد میں جاری ایک بیان میں کہا کہ مرحوم پروفیسر بٹ عزم و استقامت کے کوہ گراں تھے جو اپنی ساری زندگی بھارتی سامراج کے خلاف جہدوجہد کے لیے کشمیری نوجوانوں کی فکری رہنمائی کرتے رہے۔مرحوم کی تحریک آزادی کے حوالے سے خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔
انہوںنے کہا کہ حریت کانفرنس کے مشن کی آبیاری میں مرحوم کی گراں قدر خدمات ہیں۔ وہ پیچیدہ مسائل کی تہہ تک پہنچنے میں ملکہ رکھتے تھے۔
زاہد صفی نے مزید کہا کہ پروفیسر بٹ بھارتی سامراج کے خلاف طویل جدو جہد میں آزمائش و ابتلا کے ایک سنگین دور سے گزرے۔ وہ جہدوجہد آزادی کا درخشندہ ستارہ ہیں جو کشمیر کے افق پر چمکتا رہے گا۔
یاد رہے کہ معروف آزادی پسند کشمیری رہنما اورکل جماعتی حریت کانفرنس کے سابق چیئرمین پروفیسر عبدالغنی بٹ گزشتہ برس آج کے روز مختصر علالت کے بعد سوپور کے علاقے بوٹنگو میں انتقال کر گئے تھے۔
فیسر بٹ مقبوضہ جموںوکشمیر میں مسلم کانفرنس کے چیئرمین کے طور پر بھی خدمات انجام دیتے رہے ۔ مرحوم نے فارسی میں ماسٹرز کیا تھا اور علی گڑھ مسلم یونیورسٹی سے قانون کی ڈگری بھی حاصل کی تھی ۔ قابض بھارتی انتظامیہ نے آزادی پسند سرگرمیوں کی پاداش میں انہیں بطور پروفیسر ملازمت سے برطرف کر دیا تھا۔
مرحوم 1987میں بننے والے آزادی پسند تنظیموں کے اتحاد ” مسلم متحدہ محاذ“ میں بھی پیش پیش رہے۔بھارتی انتظامیہ نے1987کے مقبوضہ علاقے کے اسمبلی انتخابات میں بڑے پیمانے پر دھاندلی کر کے محاذ کے امیدوروں کو ہروادیا تھا۔ پروفسیر بٹ کو انتخابات کے بعد گرفتار کیا گیا اور وہ کئی ماہ تک جیل میں رہے۔ انہوںنے 1993میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین کے طور پر خدمات انجام دیں۔








