بھارت :منی پورمیں 6 افراد کی گرفتاری کے خلاف پرتشدد احتجاجی مظاہرے
امپھال : بھارت کی شورش زدہ ریاست منی پور میں حکام نے بتایا کہ بھارتی فورسز کی جانب سے چھ افراد کی گرفتاری کے خلاف ضلع کانگ پوکپی میں کوکی برادری کے لوگوںنے شدید احتجاجی مظاہرے کئے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق احتجاجی مظاہرے ہفتے کی رات 10 بجے سے آدھی رات تک موٹبنگ اور آس پاس کے علاقوں میں جاری رہے، اس دوران مظاہرین نے سڑکوں پر ٹائر جلائے اور سرکاری گاڑیوں پر پتھراو¿ کیا۔مظاہرین کاکہنا تھا کہ کھولین (Kholen) کے چھ افراد کوبھارتی فورسز نے بغیر کسی وجہ کے گرفتارکر لیا۔ کھولین ضلع میں ناگا اکثریتی گاو¿ںچاونگ کیننگ کے قریب واقع ہے جو حال ہی میں مسلح افراد کے حملے کی زد میں آیا تھا۔حکام نے بتایا کہ مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے بھارتی فورسز نے آنسو گیس کے گولے داغے۔ مظاہرین نے بھارتی فورسز کی گاڑیوں کی نقل و حرکت روکنے کے لیے بھاری تعمیراتی مشینری کا استعمال کرتے ہوئے موٹبنگ کے مقام پر نیشنل ہائی وے (امپھال تا دیماپور) کے کچھ حصوں کو کھود دیا ۔
انہوں نے بتایا کہ بھارتی فورسز کی گولہ باری سے کچھ مظاہرین زخمی ہوئے جنہیں مقامی ہسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔ ایک اعلیٰ سرکاری عہدیدار نے بتایا کہ بعد ازاں بھارتی فورسز نے گرفتارکئے گئے دیہی رضاکاروں کو رہا کر دیا جس کے بعد مظاہرے ختم ہو گئے۔








