بھارت ظالمانہ ہتھکنڈوں سے جدوجہد آزادی کو دبا نہیں سکتا : ترجمان تحریک حریت
سرینگر: غیرقانونی طورپر بھارت کے زیر قبضہ جموں وکشمیرمیں تحریک حریت نے کہاہے کہ بھارت قید و بند اورظلم وجبرسے جموں و کشمیر کی متنازعہ حیثیت تبدیل کر سکتااور نہ جدوجہد آزادی کو دبا سکتا ہے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق تحریک حریت کے ترجمان احمد یاسین نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا کہ حریت کانفرنس تحریک حریت کے کنوینر کی قیادت میں ایک فعال اور موثر آواز بن چکی ہے۔ حریت کانفرنس نہ صرف کشمیر بلکہ دنیا بھر میں کشمیریوں کی توانا آواز سمجھی جاتی ہے۔ ترجمان نے کہاکہ دفعہ 370اور35 اے کی منسوخی ،سید علی گیلانی ،محمد اشرف صحرائی اور الطاف احمد شاہ کی دوران حراست شہادت اورشبیر احمد شاہ، محمد یاسین ملک، مسرت عالم بٹ،آسیہ اندرابی، ایاز اکبر، پیر سیف اللہ، راجہ معراج الدین کلوال اوردیگر رہنمائوں کی غیر قانونی نظربندی کے بعدبھارت یہ سمجھ بیٹھا تھا کہ اب چار سو اٹوٹ انگ کا غوغا ہوگا۔ لیکن انہیں کیا معلوم کہ حق خود ارادیت کی تحریک اب سرحدوں کی محتاج نہیں، یہ دلوں کو مسخر کرنے والی حق کی آواز ہے۔ترجمان نے کہاکہ حق خود ارادیت کی تحریک کی خاطر اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے کی ایسی رسم چلی ہے جو باعث تقلید بنی ہے۔ یہ شہداء ،غازیوں ،اسیروں، عفت مآب ماوں بہنوں اور بیٹیوں کی رسم ہے۔یہ نوجوانوں، بزرگوں طالب علموں، مزدوروں، تاجروں، وکلا اور ڈاکٹروں کی رسم ہے۔ آج غلام محمد صفی حق خود ارادیت کی توانا آواز ہیں تو کل کوئی اور ہو سکتا ہے۔








