بی جے پی حکومت الیکشن کمشنر کو تحفظ فراہم کر رہی ہے، پرینکا گاندھی
نئی دلی: کانگریس رہنما پرینکا گاندھی نے الیکشن کمشنر کو حاصل قانونی تحفظ ختم کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہاکہ بھارتیہ جنتا پارٹی(بی جے پی) حکومت نے انتخابی کمیشن کو یہ تحفظ جواب دہی سے بچانے کے لیے فراہم کیا ہے۔
کشمیر میڈیاسروس کے مطابق پرینکا گاندھی نے چیف الیکشن کمشنر کے استعفے کا مطالبہ بھی دہرایا اور کہا ہے کہ انڈیا بلاک (حزب اختلاف کی جماعتوں کا اتحاد) اانکی برطرفی کے مطالبے پر متحد ہے۔
انہوںنے کہا کہ ” الیکشن کمشنر کو جو قانونی تحفظ فراہم کیا گیا ہے اور جسے بی جے پی حکومت نے یہ یقینی بنانے کے لیے نافذ کیا ہے کہ وہ چاہیے کچھ بھی کریں ، اس قانونی تحفظ کو ختم کیا جانا چاہیے ۔ پرینکا گاندھی نے کہا کہ اگر کوئی ملک اور اسکے آئین کے خلاف غیر قانونی کارروائیاں کرتا ہے تو اسکے خلاف اس مجرمانہ فعل کیلئے مقدمہ چلایا جانا چاہیے کیونکہ یہ غداری ہے ۔
انہوںنے کہا کہ بی جے پی حکومت الیکشن کمشنر کو تحفظ فراہم کر رہی ہے ، اگر کوئی الیکشن کمشنر جمہوریت کے خلاف اس قدر سنگین جرائم کا ارتکاب کر رہا ہے تو ایسا کرنا حکومت وقت کی حمایت کے بغیر عملی طورپر ممکن نہیں ہے۔ لہذا ہمار ا فوری مطالبہ ہے کہ گیانیش کمار مستعفی ہوں ، انڈیا بلاک اس معاملے پر متحد ہے کہ جو کچھ ہو رہا ہے وہ بالکل غیر قانونی و غیر آئینی ہے۔






