بھارت : علی گڑھ میں ایک شخص پر بہیمانہ تشدد، پیشاب پینے پر مجبور کیا گیا
علی گڑھ : بھارتی ریاست اتر پردیش کے ضلع علی گڑھ میںغیر انسانی سلوک کے ایک ہولناک واقعے میں ایک شخص کو تشدد کا نشانہ بنایا گیا، اس کے سر کے بال اور داڑھی کا ایک حصہ مونڈ دیا گیا اور درخت سے باندھ کر پیشاب پینے پر مجبور کیا گیا۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق یہ واقعہ جمعرات کو علی گڑھ سے تقریباً 40 کلومیٹر دور اکرباد تھانے کی حدود میں واقع ایک گاو¿ں میں پیش آیا، تاہم یہ معاملہ اس وقت سامنے آیا جب حملے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر گردش کرنے لگی۔
پولیس کے مطابق متاثرہ شخص غیر شادی شدہ ہے اور اپنی بہن کے سسرال کے خاندان سے تعلق رکھنے والی ایک خاتون کے ساتھ تعلقات رکھتا تھا۔ جب لوگوں کو اس تعلق کا علم ہوا توانہوں نے اسے گھیر لیا اور تشدد کا نشانہ بنایا، جبکہ اس کے سر کے آدھے بال اور داڑھی کا کچھ حصہ مونڈ دیاگیا۔
پولیس نے بتایا کہ متاثرہ شخص کی بہن کے سسرال والوں میں شامل تین خواتین سمیت سات افراد اور بعض نامعلوم افراد تشدد میں ملوث تھے، جو تاحال فرار ہیں۔تشدد اور غیر انسانی سلوک پر مقدمہ درج کر لیا گیا ہے، جبکہ مزید تحقیقات اور دیگر ملوث افراد کی شناخت کی کوششیں جاری ہیں۔







