مظفرآباد میں مشعل بردار ریلی ، بھارتی جیلوں میں نظربند کشمیریوں کی رہائی کا مطالبہ
مظفرآباد : بھارتی جیلوں میں حریت رہنماوں اور کارکنوں کی کئی دہائیوں سے غیر قانونی اور غیر آئینی نظربندی کے خلاف مظفرآباد میں ایک مشعل بردار احتجاجی ریلی نکالی گئی۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق ریلی کا اہتمام تحریک شباب المسلمین کی سٹوڈنٹس ونگ اور جموں و کشمیر لبریشن سیل نے مشترکہ طور پر کیا تھا۔ ریلی میں حکومتی وزرائ، سیاسی و مذہبی رہنماوں، سول سوسائٹی کے نمائندوں اور نوجوانوں کی بڑی تعداد سمیت زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔ریلی کا بنیادی مقصد عالمی برادری کی توجہ ان کشمیری نظربندوں کی حالت زار کی طرف مبذول کرانا تھا جنہیں کئی دہائیوں سے بھارتی جیلوں میں ابتر حالات، ذہنی و جسمانی تشدد، طبی سہولیات سے محرومی اور قید تنہائی کا سامنا ہے۔مقررین نے کہا کہ انہیں بین الاقوامی قوانین اور انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی کرتے ہوئے من گھڑت الزامات پرگرفتار کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریلی کا مقصد کشمیری نظربندوں کو یہ پیغام دینا ہے کہ وہ قوم کے دلوں میں زندہ ہیں اور انہیں فراموش نہیں کیا گیا ہے۔بھارتی جیلوں میں حریت رہنماوں اور کارکنوں کی زندگیوں کو لاحق خطرات پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے مقررین نے اقوام متحدہ، او آئی سی اور انسانی حقوق کے بین الاقوامی اداروں سے اپیل کی کہ وہ بھارت پر دباو ڈالیں کہ وہ سیاسی بنیادوں پر قائم مقدمات میں قید تمام کشمیری نظربندوں کی رہائی کو یقینی بنائے۔ مقررین نے کہا کہ تنازعہ کشمیر کو کشمیری عوام کی امنگوں اور اقوام متحدہ کی متعلقہ قراردادوں کے مطابق حل کیا جانا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ ان قیدیوں کا واحد جرم بھارت اور عالمی برادری کی طرف سے تسلیم شدہ حق خودارادیت کا مطالبہ کرنا ہے۔شرکاءنے حریت رہنماوں اور تحریک آزادی کشمیرکے حق میں اور بھارتی مظالم کے خلاف نعرے لگائے۔ مشعل بردار ریلی میں دیگر لوگوں کے علاوہ حکومتی وزیر نبیلہ ایوب، کل جماعتی حریت کانفرنس کی آزادکشمیر شاخ کے سیکرٹری اطلاعات مشتاق احمد بٹ، وزیر اعظم آزاد جموں و کشمیر کے مشیر شوکت جاوید میر، لبریشن سیل کے ڈائریکٹرز راجہ سجاد اور ساجد محمود، پاسبان حریت کے چیئرمین عزیر غزالی، شباب المسلمین کی طلباءونگ کے چیئرمین منیر کنشی، سیکرٹری جنرل زبیر دارنی، چیف آرگنائزر فیض اللہ خان درانی، مرکزی چیف آرگنائزر نصیر میر، سرپرست اعلیٰ جہانگیر قریشی اور دیگرنے شرکت کی۔







