مقبوضہ کشمیر : بنیادی شہری سہولیات کے فقدان کیخلاف احتجاجی مظاہرے
پانی کی قلت، بقایاجات اور سروس معاملات کے حل کا مطالبہ
سرینگر:غیر قانونی طورپر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں بنیادی شہری سہولیات کے فقدان اور ملازمین کے دیرینہ مسائل کے خلاف مختلف مقامات پر احتجاجی مظاہرے کیے گئے۔
سوپور میں بومئی کے علاقے کے رشید آباد کے رہائشیوں نے ایک ماہ سے جاری پینے کے پانی کی قلت کے خلاف احتجاج کیا ، مظاہرین نے بانڈی پورہ-کپواڑہ شاہراہ ٹریفک کیلئے بند کر دی۔ مظاہرین کاکہنا تھاکہ بار بار شکایات کے باوجود پانی کی فراہمی کئی کئی دن تک معطل رہتی ہے۔احتجاج کے باعث اسکول بسوں سمیت متعدد گاڑیاں سڑک پر پھنس گئیںاور کئی گھنٹے تک ٹریفک معطل رہی۔
دوسری جانب ٹورازم ڈویلپمنٹ کارپوریشن کے ملازمین کااپنے مطالبات کے حق میں پرامن احتجاج آٹھویں روز بھی جاری رہا ۔ ملازمین نے کارپوریشن کے لیے مناسب بجٹ، ریٹائرمنٹ پر فوائد اور گزشتہ تقریبا 52ماہ سے زیر التوا کنٹری بیوٹری پراویڈنٹ فنڈ کی رقوم جاری کرنے کا مطالبہ کیا۔
ملازمین نے محکمانہ ترقیاتی کمیٹی کا اجلاس فوری بلانے، طویل عرصے سے کام کرنے والے ڈیلی ویجرز کی مستقلی اور تنخواہوں کی بروقت ادائیگی کا بھی مطالبہ کیا۔ انہوں نے سیاحتی املاک کی بحالی اور انفراسٹرکچر بہتر بنانے کے لیے خصوصی مالی پیکیج کی بھی اپیل کی۔








