لاہور : مقررین کا کشمیر کاز کو قومی و عالمی سطح پر اجاگر کرنے پرزور
کشمیریوں کے حق خودارادیت کیلئے سیاسی اور سفارتی سطح پر موثر آواز بلند کی جائے
لاہور: کشمیر سنٹر لاہورکے زیر اہتمام منعقدہ خصوصی سیمینار کے مقررین نے کہا ہے کہ کشمیری عوام اپنے حقِ خودارادیت کے حصول کے لیے طویل عرصے سے بے مثال قربانیاں دے رہے ہیں۔
کشمیر سنٹر لاہور میں ”مقبوضہ جموں و کشمیر کے لیے ہماری آواز ”کے عنوان سے منعقدہ سیمینار سے لاہور سے نومنتخب آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کے ارکان ناصر حسین ڈار اور محمد عامر شاہ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کشمیر سنٹر لاہور کشمیر کاز کو اجاگر کرنے کے لیے بہترین انداز میں کام کر رہا ہے۔انہوں نے کہاکہ کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت سے متعلق اقوام متحدہ کی قراردادیں مسئلہ کشمیر کے حوالے سے اہم بین الاقوامی حوالہ ہیں اور مسئلے کے پرامن حل کے لیے متعلقہ بین الاقوامی ذمہ داریوں اور کشمیری عوام کی خواہشات کو مدنظر رکھنا ناگزیر ہے۔ انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر کی سیاسی قیادت، میڈیا، دانشوروں اور سول سوسائٹی کو مل کر مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام کی آواز کو موثر انداز میں قومی اور عالمی سطح پر اجاگر کرنا چاہیے۔انہوں نے مسئلہ جموں و کشمیر کو قومی اور عالمی سطح پر اجاگر کرنے کے لیے سیاسی، سفارتی، قانونی، صحافتی اور عوامی سطح پر موثر آواز بلند کرنے کی ضرورت پر زوردیا۔
سیمینار سے سابق رکن آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی مولانا شفیع جوش، سابق پارلیمانی سیکرٹری پنجاب اسمبلی ڈاکٹر فرزانہ نذیر، کل جماعتی حریت کانفرنس کے رہنما انجینئر مشتاق محمود، کشمیر سنٹر لاہور کے انچارج انعام الحسن، سینئر قانون دان منظور حسین گیلانی ایڈووکیٹ، پروفیسر اسما حسن، مسلم لیگ ن کے راجہ شہزاد احمد، معراج دین شاہین، فاروق جرال، چوہدری صدیق، آفتاب نازکی، مقبول اعوان، معروف ادیب نذر بھنڈر، امجد راٹھور، علامہ مشتاق قادری، معروف صحافی اقبال شاکر، شیخ امجد اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔
شرکائے نے اس عزم کا اظہار کیا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں اور کشمیری عوام کے بنیادی حقوق سے متعلق معاملات کو قومی اور بین الاقوامی سطح پر اجاگر کرنے کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔سیمینار کے اختتام پر شہدائے کشمیر کے درجات کی بلندی اور مقبوضہ جموں و کشمیر کی جلد آزادی کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔






