جمہوریت کو نقصان پہنچانے والوں کو بخشا نہیں جائے گا: راہل گاندھی
نئی دہلی : بھارت میں حزب اختلاف کی مرکزی جماعت کانگریس کے رہنماء اور لوک سبھا میں قائد حزب اختلاف راہل گاندھی نے کہا ہے کہ جمہوریت کو نقصان پہنچانے والوں کو ہرگز نہیں بخشا جائے گا اور انہیں سزا دلائی جائے گی۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق نئی دہلی میں اپوزیشن ارکان پارلیمنٹ کے احتجاج کے دوران میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے راہل گاندھی نے کہا کہ تقریبا 300ارکان پارلیمنٹ پرامن طور پر اپنی آواز بلند کرنا چاہتے تھے، تاہم انہیں پہلے الیکشن کمیشن کے دفتر کے قریب اور بعد ازاں جنتر منتر جانے سے روک دیا گیا۔انہوں نے الزام عائد کیا کہ احتجاج کے دوران اپوزیشن کارکنوں پرتشدد کیاگیا۔
راہل گاندھی نے وزیر اعظم نریندر مودی، وزیر داخلہ امت شاہ، راشٹریہ سویم سیوک سنگھ کے سربراہ موہن بھاگوت اور چیف الیکشن کمشنر گیانیش کمار پر ملک کے آئینی اداروں اور اقتدار پر قبضے کی مبینہ سازش میں ملوث ہونے کا الزام بھی عائد کیا۔انہوں نے مزید کہاکہ ان افراد نے مل کر آئین کو نقصان پہنچایا اور بڑے پیمانے پر ووٹوں کی چوری کی۔
واضح رہے کہ انڈیا اتحاد الیکشن کمیشن اور بھارتی حکومت کی طرف سے انتخابی عمل میں مبینہ بے ضابطگیوں اور ووٹر فہرستوں سے ووٹ حذف کئے جانے کے خلاف احتجاج جاری رکھے ہوئے ہے اور چیف الیکشن کمشنر گیانیش کمار کے استعفے کا مطالبہ کر رہا ہے۔







